کو ریاانٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی( کویکا) کے زیر اہتمام ایک روزہ پاک کوریا ثقافتی ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:46

واہ کینٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) کو ریاانٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی( کویکا) کے زیر اہتمام ایک روزہ پاک کوریا ثقافتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا، ورکشاپ کا مقصد پاکستان اور کوریا کے مابین ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینا ہے، ورکشاپ کے شرکاء کو ٹیکسلا میوزیم اور دھرماراجیکا سٹوپہ کا دورہ بھی کروایا گیا۔اس موقع پر کو ریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی( کویکا) کے ڈائریکٹر جنرل چنگ جونگ نے ایکسپریس نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ تعلیم، صحت ،ٹرانسپورٹ،توانائی اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے شعبہ میںگزشتہ کئی سالوں سے تعاون کر رہا ہے اور اب ثقافت کے شعبے میں بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میںکو ریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ( کویکا)کے زیر اہتمام آج ٹیکسلا کادورہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مسٹر چنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کوریاثقافت کے گہرے بندہن میں بندھے ہوئے ہیں کیونکہ بدھ مت مذہب کے پہلے روحانی پیشوا کا تعلق اسی خطہ سے تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے سربراہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد پاکستان کی معاشی اور امن کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جو کہ پاکستان کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے اور کوریا بھی اسی ضمن میں اپنے تعاون کا دائرہ کار بڑھائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے جن علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے وہا ں (کویکا )براہ راست اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے اورجن علاقوں میں حالات سازگار نہیں وہاں( کویکا) دوسرے انٹرنیشنل ادارے جن میں یو این ڈی پی ، ورلڈ فوڈ پروگرام اوریونیسکو سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کرمختلف شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ کوریا نے پاکستان کو ان 24 ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جن کو معاشی ، معاشرتی، تعلیمی اور تہذیبی امداد فراہم کر ے گا اور پاکستان ان 24 ممالک میں سے ایک اہم ملک ہے۔

اس موقع پر گندھارا آرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ایسٹر پارک نے کہا کہ( کویکا) کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعوبوں میں تعاون سے بالخصوص ثقافت کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی آئے گی جس سے دنیا بھر اور بالخصوص کوریا میں پاکستان کی ثقافت اجاگرہو گی بلکہ دنیا بھرسے مذہبی سیاح پاکستان کارخ کر سکتے ہیں۔