سابق نگراں وزیراعظم معین قریشی امریکا میں سپرد خاک

روک ول قبرستان میں سپردخاک کیاگیا،بیٹے امیر شہاب اوراہلخانہ کے دیگر افرادموجود تھے

اتوار 27 نومبر 2016 12:20

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2016ء) سابق نگراں وزیراعظم معین الدین احمد قریشی کو روک ول امریکاکے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ وہ 86سال کی عمر میں 22نومبر کو انتقال کرگئے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ دوسال سے پارکنسن کے مرض میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

(جاری ہے)

ان کے بیٹے امیر شہاب قریشی کے مطابق انہیں پھیپھڑوں کا مرض سی او پی ڈی بھی لاحق تھا،وہ معین قریشی کے نام سے معروف تھے اور 18جولائی 1993 سے 19 اکتوبر 1993 تک پاکستان کے نگراں وزیراعظم رہے، جبکہ اس دور میں وزیر اعظم نوازشریف اور صدر غلام اسحٰق خان اپنے عہدوں سے مستعفی ہوچکے تھے،ان تین ماہ کے دوران ان کی ذمہ داری شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد تھا۔

اس مختصر عرصے میں قومی اقتصادی حلقے میں خاصی تبدیلیاں کیں۔ آئی ایم ایف کے انتظامات کا اطلاق کیا، ٹیکس چوروں اور قرضہ لینے والوں سے حکومتی واجبات واپس بھی لیے تھے۔