حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے‘چوہدری ارمغان سبحانی

اتوار 27 نومبر 2016 22:40

سیالکوٹ ۔27نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے مسائل حل کر رہی ہے ‘ حکومت ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے آگاہ ہے اور بھارت جارحیت پر با خبر ہے ‘ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے لیکن ہماری عوام امن کی خواہش مند ہے‘ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری مت سمجھے‘ پاکستان کے بہادر عوام اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر بھارت کا مقابلہ کریں گے ۔

اس موقع پر صوفی محمد اسحاق ، محمد نعیم عباس ، چوہدری امتیاز جٹ اور دیگر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے حقوق کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے ۔ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ۔ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مل رہی ہے ۔ حکومت نے جتنے وعدے بھی کئے ہیں ان پر عمل کیا ہے ۔ ہماری حکومت نے ہمیشہ عوام کے حقوق کاتحفظ کیا ہے ۔ حکومت کی جامعہ اور مربوط پالیسیوں کی وجہ سے ملک خوشحال ہو رہا ہے اور پاکستان کی برآمدات اور درآمدات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے اور گوادر بندرگاہ سے کامیابی کے ساتھ تجارت کا پہیہ چل پڑا ہے ۔