وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے‘ وطن عزیز کی امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، سیاست صرف قومی ایجنڈے پر ہونی چاہیئے ‘ ملک کی کوئی بھی سیاسی جماعت جو ملکی تعمیر و ترقی کے خلاف سیاست کریگی اس کی بھرپور مخالفت کرونگا ‘گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

اتوار 27 نومبر 2016 22:40

سیالکوٹ ۔27نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے‘ وطن عزیز کی امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے‘ سیاست صرف قومی ایجنڈے پر ہونی چاہیئے اورکسی بھی جماعت کو ایسی سیاست نہیں کرنی چاہیئے جس سے ملکی ترقی کا عمل رک جائے ‘ ملک کی کوئی بھی سیاسی جماعت جو ملکی تعمیر و ترقی کے خلاف سیاست کریگی اس کی بھرپور مخالفت کرونگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سیالکوٹ کے موضع کوٹلی نوناں سمبڑیال میں واقع سیالکوٹ کیڈٹ کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شکیلہ لقمان خالد، رانا عبدالستار خاں، ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں، پرنسپل کرنل (ر) سکندر گھمن، چیئرمین سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ سیالکوٹ ملک محمد اشرف کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی مدبرانہ سوچ ، تمام محب الوطن سیاسی جماعتوں کے تعاون، مسلح افواج اور سول سوسائٹی کی بیش قیمت قربانیوں کی بدولت ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور اب وطن عزیز عالمی سطح پر تنہائی کا شکار بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب اقوام عالم یہ تسلیم کریں گی کہ پاک فوج اور سول سوسائٹی کی دہشت گردی کے جنگ میں دی جانے والی قربانیاں دنیا کے امن کیلئے تھیں۔

گورنر نے کہاکہ وطن عزیز میں کام کرنے والے سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت کی تکمیل کی جانب بھی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے جہالت اور ظلمت کے اندھیروں کے ختم کرنے کیلئے ملک کے کونے کونے میں علم کی شمعیں روشن کرنی ہونگی انہوں نے کہاکہ کہ اگر ہر ذمہ دارشخص اپنے حصے کی شمع روشن کرے گا تو اللہ تعالیٰ ناصرف اس شخص کو اس کا صلہ دیگا بلکہ اس سے پوری قوم کو کامیابی نصیب ہوگی ۔

انہوں نے سکول کے طلباء و طالبات کی جانب سے پیش کئے جانے والے ملی نغموں پر ٹیبلو شو اور تقاریر کے معیار کی زبردست الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ بیشک یہ بچے تعلیم میں مجھ سے کم ہیں لیکن ان کا شعور مجھ سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے اپنے خون سے ناقابل فراموش داستان رقم کی ۔

انہوں نے کہاکہ شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت علامہ محمد اقبال ؒ کی جنم دینے والی مردم خیز سرزمین پر حاضری میرے لئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرنل (ر) سکندر گھمن کی جانب سے دور افتادہ علاقہ میں کیڈٹ کالج کا قیام کسی کارنامے سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کو اپنے مسائل لکھے آپ کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

گورنر تقریر کے دوران ظہر کے آذان کے دوران خاموش ہوگئے اورآذان مکمل ہونے کے بعد دوبارہ تقریر شروع کی ۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔ سکولز کے کیڈٹ نے مارچ پاس کیا اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ سکول کے طلباء طالبات سے مختلف ملی نغموں پر وطن سے محبت کے اظہار کیلئے ٹیبلو شو پیش کئے اور کیڈٹس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے سیالکوٹ کیڈٹ کالج میں سوئمنگ پول کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر صحافیوں ، وکلاء اور مسلم لیگ کے مقامی عہدیداران کے وفود نے بھی گورنر سے ملاقات کی ۔