شہید مقبول بٹ ؒ اور امان اللہ خان مشن کے تحت جدوجہدجاری رہے گی، سردار مشتاق کا ابو ظہبی میں اجلاس سے خطاب

پیر 28 نومبر 2016 16:17

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2016ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما سردار مشتاق احمد نے کہا ہے کہ قائد تحریک امان اللہ خان (مرحوم)کشمیر میں عقل و دانش،تدبر و تفکر،جرات و شجاعت ،ایثار و قربانی اور سب سے بڑھ کر آزادی کی راہ میں راہ عزیمت پر ڈٹ جانے والے ایک عظیم انسان کی اعلیٰ مثال تھے اور اُن کی انہی خوبیوں کے بدولت انہیں تاریخ کشمیر کے اندر سنہری الفاظ میں یاد کیا جاتا رہے گا۔

پیر کے روز یہاںان خیالات کا اظہار اُنھوں نے امان اللہ خان (مرحوم ) کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہونے والے ایک اجلاس میں کیا ۔اُنھوں نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی حیات وقف کرنے والے عظیم صلاحیتوں کے مالک امان اللہ خان (مرحوم )نے ہر موقع پر کشمیری قوم کی بہترین ترجمانی کا حق ادا کیااورہمیشہ عوام کے ساتھ رہے اور اس راہ میں انہوں نے بارہا اذّیتوں کا بھی سامنا کیا لیکن اُن کے پایہ استقلال میں ذرا بھی لغزش نہیں آئی۔

(جاری ہے)

امان اللہ خان (مرحوم)محب وطن،اعلیٰ پایہ کے مقرر اور مدبّرسیاست دان تھے جنہوں نے تاریخ کے مختلف ادوار میں کشمیر مسئلے کو زندہ رکھا اور اپنی صلاحیتوں سے کشمیریوں کی ہر سطح پر قیادت کی۔امان اللہ خان مرحوم نے کشمیریوں کی راہنمائی کی اور اپنی صلاحیتوں اور کاوشوں کے بل پر تاریخ جموں کشمیر پر ان مٹ نقوش رقم کئے ہیں۔ کشمیری قوم شہید کشمیر حضرت مقبول بٹ ؒ اور قائد تحریک حضرت امان اللہ خان اور دیگر قائدین کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے آزادی کی راہ میں اپنا سفر جاری و ساری رکھے ہوئے ہے اور حصول منزل تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اپنے عظیم قائدین کی جرأت وشجاعت کو سلام پیش کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :