ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور پاکستان کے عوام کیلئے سماجی بیانیہ ترتیب دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرنے والے فلم انڈسٹری کے گمنام فنکاروں اور نامور شخصیات کو انڈسٹری کے احیاء کی کوششوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے

وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا میڈیا چیفس کے اجلاس میں اظہار خیال

پیر 28 نومبر 2016 23:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے پاکستان کی پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ انڈسٹری کی بحالی کی کوششوں میں فلم انڈسٹری کے گمنام اور نامور فنکاروں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ پاکستان کی پروڈکشن اور براڈکسٹنگ انڈسٹری کے احیاء سے متعلق وزیراعظم کے وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں میڈیا چیفس کے ایک اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور پاکستان کے عوام کیلئے سماجی بیانیہ ترتیب دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرنے والے فلم انڈسٹری کے گمنام فنکاروں اور نامور شخصیات کو انڈسٹری کے احیاء کی کوششوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد فنکاروں کا قومی کنونشن بلانے پر غور کر رہے ہیں جس سے نہ صرف فن وثقافت کے شعبہ میں مختلف خیالات کے تبادلہ بلکہ ثقافتی، قومی، علاقائی اور مقامی پروڈکشن وبراڈکاسٹنگ انڈسٹری کے احیاء کے عمل کو شروع کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے کراچی میں دو روزہ کانفرنس فوکس پی کے 16 انعقاد کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس میں فلم اور ٹی وی کی نمایاں شخصیات مل کر پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے نئے راستے تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے تجاویز بھی پیش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے کانفرنس کی باضابطہ منظوری دیدی ہے اور اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے تو وزیرمملکت کی سربراہی میں وزارت کے سینئر حکام کا وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا جس کا مقصد پاکستان کی فنکار برادری کے ساتھ بامعنی رابطہ کا آغاز کرنا ہے۔

وزیرمملکت نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس پاکستان انڈسٹری کی ملک کے اندر اور باہر بحالی کے مقصد کے حصول کے سلسلے میں قابل عمل اورموثر پالیسیاں وضع کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔