نئے وزراء کے حلف اٹھانے کے روز ہی پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس

وزیر اعلیٰ خود چل کر کابینہ اراکین کی نشست پر گئے اور اراکین سے ہاتھ ملایا شہباز شریف کا کلیدی خطاب ، محنت ، دیانت ، امانت اور شفافیت کی اہمیت پر زور دیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں پر وزیراعظم اور جنرل راحیل شریف کو مبارکباد شہید صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ کیلئے خصوصی طور پر تالیاں بجائی گئیں

پیر 28 نومبر 2016 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2016ء) وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پنجاب کابینہ میں نئے وزراء کی شمولیت کے روز ہی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیااور اپنے کلیدی خطاب میں صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو عوام کی خدمت کے سفر کو نئے عزم، جذبے اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھانے کے حوالے سے خصوصی تلقین کی - وزیر اعلی خود چل کر کابینہ اراکین کی نشست پر گئے اور اراکین سے ہاتھ ملایا- وزیر اعلی نے نئے وزراء ، مشیران اور معاونین خصوصی کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا-اجلاس میں صوبائی وزیر ہارون سلطان بخاری کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی-وزیر اعلی نے کابینہ کے اجلاس سے انتہائی مدلل انداز میں خطاب کرتے ہوئے محنت ، دیانت ، امانت اور شفافیت کی اہمیت اور موجودہ حکومت کے دور میں ان سنہری اصولوں پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا-وزیر اعلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں پر وزیراعظم محمد نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف،پاک افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور متعلقہ محکموں کے اعلی حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان سب کا کردار لائق تحسین ہے - وزیر اعلی نے شہداء کی عظیم قربانیوںکو بھی زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی عظیم قربانیوں اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتی ہے -وزیر اعلی نے شہید صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ کو پنجاب کابینہ میں شمولیت پر خصوصی مبارکباد دی اور ان کے لئے اجلاس کے تمام شرکاء نے پرزور تالیاں بجائیں-جہانگیر خانزادہ نے اس موقع پر کہا کہ والد کی شہادت کے بعدوزیر اعلی شہباز شریف نے مجھے بہت حوصلہ دیا اور انہوں نے ہر موقع پر میری بھرپور رہنمائی کی ہے اور میں ہمیشہ اپنے قائد شہباز شریف کے ساتھ کھڑا رہوں گا- وزیر اعلی نے ان سیاسی عناصر پر بھی کڑی تنقید کی جنہوںنی2014ء میں دھرنوں کے ذریعے ملک و قوم کے قیمتی آٹھ ماہ ضائع کئے اور چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا-وزیر اعلی نے حال ہی میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کی دھمکی کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی حرکت کرنے والوں نے پاکستان کے اعلی ترین مفادات کو بھی داؤ پر لگا دیا تھا-وزیر اعلی کہا کہ وزراء اپنے اپنے محکموں میں مکمل با اختیار ہوں گے اور ان کے سیکرٹریز ان کی پالیسیوں پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہو ںگے -صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی محنت اور کام سے غیر معمولی لگن پاکستان سمیت بیرون ملک بھی ایک مثال بن چکی ہے - صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج آپ کا کابینہ اراکین سے خطاب غیر معمولی نوعیت کا تھا اور ہم سب آپ کی باتیں سن کر بہت متاثر ہوئے ہیں - آپ نے محنت ، دیانت اور امانت پر چلنے کا جو پیغام دیا ہے ہم سب ملکر اس پر چلیں گے - انہوںنے کہا کہ آپ ایک نیک نیت انسان ہیں اور اللہ تعالی نے ہمیشہ آپ کی نیک نیتی کی وجہ سے آپ کو مشکلات سے نکالا ہے - انہوںنے کہا کہ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے - صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور ، منشاء اللہ بٹ ،نعیم بھابھہ، امانت اللہ شادی خیل، نغمہ مشتاق ، ملک احمد یار ہنجرا، اعجاز احمد اچلانہ اور معاون خصوصی رانا محمد ارشدنے کہا کہ آپ ہمیشہ عمل کے ذریعے مثال بنے ہیں اور عوام آپ سے بے حد محبت کرتے ہیں - کابینہ کے اراکین نے وزیر اعلی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے -اجلاس کے آخر میںمعاون خصوصی رانا محمد ارشد نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی-