سی پیک پاکستان کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا،کئی ممالک اس منصوبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،جام کمال خان کا سیمینار سے خطاب

بدھ 30 نومبر 2016 23:04

سی پیک پاکستان کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے میں اہم کردار ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا، آج بہت سارے ممالک منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، صنعت کار منصوبے کو کامیاب کرنے میں ہماری رہنمائی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سی پیک منصوبے کے حوالے سندھ بورڈ آف انویسمنٹ اور غیر سرکاری تنظیم ماس ہیومن ریسورسز سروسز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثٰت رکھتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ صنعتکار برادری سی پیک منصوبے کو کامیاب کرنے میں ہماری رہنمائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو صنعتکاروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرنے چاہئیں تاکہ گوادر میں ان کے تحفظات دور کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، وفاقی اور بلوچستان کی حکومت پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو بین الاقوامی مارکیٹ تک براہ راست رسائی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی اہمیت کو برطانیہ، ترکی، روس اور دیگر کئی ممالک سمجھ چکے ہیں اور کئی ممالک اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چین سے مختلف شعبوں میں سیکھنے کا موقع بھی ملے گا کیونکہ ہمارے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کا تجربہ چین کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے کم ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسمنٹ ناہید میمن نے کہا کہ اس منصوبے سے ہمارے ملک میں معیاری انفرا اسٹرکچر قائم ہوگا جس سے ہماری عوام کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین اس وقت دنیا میں مضبوط معیشت رکھنے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دروازے کاروباری حضرات کے لئے کھلے ہیں اور ہم انہیں ہر طرح کی مراعات دینے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے حوالے سے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کو کچھ تحفظات ہیں، حکومت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر ان کو تحفظات دور کرے۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری انڈسٹریز سندھ عبد الرحیم سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت سی پیک کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے منصوبے کی کامیابی سے صوبے بھر کے صنعتکاروں کو فائدہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر اور چیئرمین بروکر فارما عبد الحسیب خان نے کہا کہ ہمیں سی پیک سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں اس سے نہ صرف ملک کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ یہاں کے صنعتکاروں کو بڑی مارکیٹ تک رسائی ملے گی۔

سیمینار سے چیئرمین نیکس سورسز کے چیئرمین نظیر وید، چیئرمین باری ٹیکسٹائل، نقی باری، وائس چیئرمین ایسوسی ایشن آف کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ آف پاکستان ارشد جمال، ڈائریکٹر سندھ بورڈ آف انویسمنٹ ابرار احمد شیخ، چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن عارف الہیٰ، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب اور دیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :