شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد کی یونیورسٹی کی وائس چانسلر سے ملاقات

بدھ 30 نومبر 2016 23:04

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورٹیچرز ایسوسی ایشن (سلوٹا) کے وفد نے صدر سلوٹا پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری اور جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمرو کی قیادت میں پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ جامعات کے اساتذہ جہالت کے اندھیرے میں روشنی کا چراغ ہیں جو قوم کے مستقبل کے ضامن ہیں۔

اساتذہ کا تعلیم، تحقیق اور سماجی ترقی میں کردارکلیدی ہے۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہماری یونیورسٹی کے اساتذہ قومی مفاد میں دن رات محنت کررہے ہیں ، اساتذہ یونیورسٹی کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہوں۔ یونیورسٹی کی تدریسی ترقی میں سلوٹا کے ارکان کا کردارمثبت ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری اور پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمرونے وائیس چانسلر کو یونیورسٹی میں تدریسی و تحقیقی کلچر کے فروغ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے حقیقی مسائل وائیس چانسلر نے میرٹ کی بنیاد پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے ہیں۔ اس موقع پر سلوٹا کے صدر نے وائیس چانسلر کو سلوٹا کا سوونیئر پیش کیا۔ ملاقات کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس،پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کو آرڈنیٹراور سلوٹا کے ممبران بھی موجود تھے۔