روس کا مال بردار خلائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا

خلائی جہاز میں کوئی خلا باز سوار نہیں تھا، خلائی جہاز 190کلومیٹر بلندی پر تباہ ہو ا ملبہ سائبیریا کے پہاڑی علاقے میں گرا ہے،حکام

جمعہ 2 دسمبر 2016 12:34

روس کا مال بردار خلائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کیلئے سامان لیجانے والا ایک خلائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے۔خلائی جہاز پروگرس ایم ایس زیرو فور میں کوئی خلا باز سوار نہیں تھا اور اسے جمعرات کو قزاقستان کے بیکانور خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا تھا۔جہاز 2.4 ٹن پر مشتمل ایندھن، خوراک اور آلات لے کر بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

خلائی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ 190کلومیٹر بلندی پر خلائی جہاز تباہ ہوا اور اس کا ملبہ سائبیریا کے دور افتتادہ پہاڑی علاقے میں گرا ہے۔روسکوسموس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق منگولیا کی سرحد کے قریب جمہوریہ تووا کی فضا میں خلائی جہاز کے زیادہ تر حصے جل کر راکھ ہو گئے تھے۔حالیہ برسوں میں متعدد روسی اور امریکی سامان بردار خلائی جہازوں کو حادثات پیش آ چکے ہیں۔گذشتہ ماہ بیکانور خلائی مرکز سے سویوز نامی روسی خلائی جہاز کے ذریعے امریکہ کی 56 سالہ خلاباز پیگی وٹسن نے تیسری بار خلائی سفر پر روانہ ہو کر خلا میں جانے والی معمر ترین خاتون بن گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :