اٹک،دی افغان ریفیوجی افیکٹڈ اینڈ ہوسٹنگ ایریا پروگرام کے تحت گلیوں کو پختہ اور نالیوں کی تعمیر کا کام جاری

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:09

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) افغان مہاجرین کو بہتر رہائشی سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے اٹک میں دی افغان ریفیوجی افیکٹڈ اینڈ ہوسٹنگ ایریا پروگرام کے تحت 2کروڑ 58لاکھ روپے کی مالیت سے 35سے 40غیر پختہ گلیوں کو پختہ کرنے اور ان میں نکاسی آب کے لیے نالیوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جن علاقوں میں تعمیراتی کام جاری ہے ان میں نیو دارلسلام کالونی، فاروقِ اعظم کالونی اور نئی آبادی پیپلز کا لونی شامل ہیں۔

اسی ادارے کی وساطت سی2013میں 2کروڑ روپے کے فنڈ سے ٹیوب ویل بھی نصب کیے گئے تھے۔ اس منصوبے پر کام کی نگرانی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اٹک کیپٹن (ر) اکرام الحق کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار تحصیل آفیسر ٹی اینڈ ایس ملک شکیل احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ادارے نے ایک سال قبل اسلام آباد سے آ کر سروے کا کام مکمل کرتے ہوئے ان گلیوں کا انتخاب کیا تھا۔

شکیل احمد نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی کوئی سیاسی مداخلت نہیں اور اس کام کو میرٹ پر کروایا جا رہا ہی․ اور اس کام کے میعار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو اس کام کا 60فیصد معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے جبکہ 30فیصد رقم منصوبہ مکمل کرنے پر ادا کی جائے گی اورکام کے میعار کی مدت پوری ہونے کے بعد 10فیصد رقم ادا کر دی جائے گی۔ اسی محکمہ نے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو شکردرہ نالہ کی تعمیر کے لیے 1کروڑ 25لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں اور منصوبے پر کام جاری ہے۔