اینٹی کرپشن کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، جامعہ مہران جامشورو کا ریکارڈ ضبط، میرپورماتھیلو سے 3 اہلکار گرفتار

پیر 5 دسمبر 2016 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کر کے مہران یونیورسٹی جامشورو اور محکمہ خوراک ٹھٹہ کا ریکارڈ ضبط کر لیا جبکہ رشوت لیتے ہوئے میرپور ماتھیلو سے محکمہ رویونیو کے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو کی ہدایت پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جامشورو کی سربراہی میں ٹیم نے مہران یونیورسٹی میں ڈائریکٹر فنانس کے دفتر پر چھاپا مار کر متعلقہ ریکارڈ ضبط کر لیا۔

دوسری جانب سرکل آفیسر گھوٹکی کی سربراہی میں اینٹی کرپشن نے کارروائی کر کے محکمہ رویونیو کہ 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا،آفس اسسٹنٹ ممتاز تھیم، پٹواری امتیاز علی اور کوٹوار محمد قاسم کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار رویونیو اہلکاروں نے ریکارڈ کی درستگی کے عوض درخواست گذار سے رشوت طلب کی تھی۔سو ل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی کارروائی کی ایف آ ئی آر درج کر لی گئی۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے ٹھٹہ میں محکمہ خوراک کے دفتر پر خردبرد کی شکایات ملنے پر کارروائی کی گئی،سول مجسٹریٹ کی موجودگی میں کارروائی کر کے تمام متعلقہ ریکارڈ ضبط کر لیا گیا، ریکارڈ کی چھان بین کے بعد گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سندھ عثمان غنی صدیقی نے ایک بیان میں کہا کے مہران یونیورسٹی جامشورو میں کرپشن کی شکایات موصول ہونے پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ریکارڈ ضبط کر لیا گیا ہے جس کی انکوائری کے بعد گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :