سکھر، عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے سیکیورٹی پلان تشکیل دیئے گئے ہیں

منگل 6 دسمبر 2016 23:24

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے کہاہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کے سیکیورٹی پلان تشکیل دیئے گئے ہیں ، اسپتالوں کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے جبکہ گھنٹہ گھر چوک کے مقام پر خصوصی میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق یہ بات انہوں نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر عید میلاد النبیؐ منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی، اجلا س میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کے علاوہ ایس ایس پی سکھر امجد شیخ سمیت دیگر شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر سکھر نے سیپکو کے ایگزیکیٹو انجینئر کو ہدایت کی کہ 12ربیع الاول تک رات کو آٹھ بجے سے بارہ بجے تک لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے جس پر انجینئر نے یقین دہانی کرائی کہ بارہ ربیع الاول کے دن پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ بتائے گئے اوقات پر بھی لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے نساسک اور میونسپل انتظامیہ سمیت تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ سکھر شہر سمیت دیگر تعلقہ ہیڈکوارٹروں اور شہروں میں 12ربیع الاول کے موقع پر لائٹنگ سمیت جلوسوں کے روٹز پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کئے جائیں ضلع کے تمام سرکاری محکموں اور اداروں کی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا اور جو محکمہ بہترین سجاوٹ کرے گا اس کو سرٹیفیکٹ اور انعام بھی دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :