مستقبل میں پاک جاپان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرامید ہوں، قونصل جنرل جاپان

بدھ 7 دسمبر 2016 23:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) حکومت جاپان نے آفیشل ڈویلپمنٹ اسسٹنس (او ڈی ای) کے ذریعے نارتھ کراچی میں بچوں کا ہسپتال تعمیر کیا ہے اور مستقبل میں یہ اسپتال اپنا کام شروع کر دے گا جس سے شہر باالخصوص نارتھ کراچی کے بچے علاج کی سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جاپانی قونصل جنرل توشی کازوا سومورا نے قونصل خانہ جاپان کے زیر اہتمام جاپان کے قومی دن کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک جاپان تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے جس کی مثال پاکستان میں اس وقت 80 سے زائد جاپانی کمپنیوں کا کام کرنا ہے جن کی تعداد مین مزید اضافہ ہو رہا ہے اس کے علاوہ پاکستان سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 200 سے زائد طلبا جاپان میں موجود ہیں اسی طرح جاپان سے پاکستان آنے والے جاپانیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی دن کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ جاپان میں بادشاہت کا سلسلہ سب سے قدیم ہے جو 2700 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے اور موجودہ شہنشاہ جاپان کے 125 ویں شہنشاہ ہیں جو اس سال 23 دسمبر کو 83 برس کے ہو جائیں گے۔

انہوں نے اپنی تقریر مین شہنشاہ جاپان کی صحت اور درازی عمر کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور آئے ہوئے مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اکرام اللہ دھاریجو وزیر برائے کارپوریشن کے علاوہ شرمیلا فاروقی، ڈاکٹر فاروق ستار، رضا ہارون، فیصل سبزواری کے علاوہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور بزمینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے ملحقہ ہال میں جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے اشتراک سے جاپان بزنس ایگزیبیشن 2016،ْ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں جاپانی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات ڈسپلے کی تھیں۔