وزیراعلیٰ پنجاب نے فاٹا کے بچوں کے دانش سکولوں میں داخلہ کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کمیٹی کے سربراہ، وائس چیئرمین اور ایم ڈی پنجاب دانش سکولز اتھارٹی اور سپیشل سیکرٹری خزانہ ممبر ہونگے دانش سکولز محروم معیشت طبقات کے ہونہاروں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 7 دسمبر 2016 23:45

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فاٹا خصوصاً وزیرستان کے طلباء و طالبات کے دانش سکولوں میں داخلے کا مختص کردہ کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، وائس چیئرمین پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹر آف ایکسیلینس اتھارٹی ،ایم ڈی پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹر آف ایکسی لینس اتھارٹی اور سپیشل سیکرٹری خزانہ شامل ہو ںگے ۔

کمیٹی فوری طور پر کام شروع کرے گی اور آئندہ تین روز میں اپنی سفارشات مرتب کر کے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ کمیٹی پنجاب کے دانش سکولوں میں فاٹا بالخصوص وزیرستان اور دیگر وفاقی یونٹس کے طلباء و طالبات کیلئے موجودہ کوٹے کا جائزہ لے گی اور مستحق طلباء و طالبات کے داخلے کیلئے نشستیں بڑھانے کا جائزہ لینے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

فاٹا بالخصوص وزیرستان کے بچوں کا داخلہ کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبے کی بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں ایسے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ دانش سکولز کا قیام ان انقلابی اقدامات کی ایک مثال ہے۔

علم و دانش کے یہ گہوارے محروم معیشت طبقات کے ہونہاروں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے قیام نے نہ صرف امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کی ہے بلکہ پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے نگینوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور انہیں جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان دانش کدوں میں غریب ترین گھرانوں کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور دانش سکولوں میں طلباء و طالبات کو قیام و طعام کی بھی سہولتیں مفت حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولز کے طلبا و طالبات نے مختلف امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرکے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ وہ ذہانت کے اعتبار سے ترقی یافتہ علاقوں کے طلبا و طالبات سے ہرگز کم نہیں اور دانش سکولوں نے ہی ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ دانش سکولوں کے قیام سے پسماندہ علاقوں میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں اور ان سکولوں سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات قومی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب جہاں دانش سکولز قوم کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے ہونہالوں کی آبیاری کا کام کر رہے ہیں وہاں دوسری جانب قومی وحدت اور یکجہتی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کے ذہین بچوں کو شامل کیا گیا ہے جس سے سے قومی وحدت مضبوط ہو رہی ہے۔ان سکولوں میں فاٹا کے مستحق طلبا و طالبات کا کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے اور اب فاٹا بالخصوص وزیرستان کے طلبا و طالبات کا کوٹہ بڑھانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی۔