وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایات پر پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں اور عملے کی لاشوں کی نشاندہی اور منتقلی کیلئے ضروری اقدامات،وزارت داخلہ کی طرف سے ہیلی کاپٹرز فراہم،موبائل بائیو میٹرک ٹیم کو فعال کر دیا گیا

بدھ 7 دسمبر 2016 23:48

وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایات پر پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایات پر متعلقہ حکام نے حویلیاں کے نزدیک پی آئی اے کے طیارہ کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں اور عملے کی لاشوں کی نشاندہی اور منتقلی کیلئے ضروری اقدامات کئے، ان اقدامات میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو رابطہ کیلئے فعال بنانا اور این ڈی ایم اے کی جانب سے ہر طرح کی مدد فراہم کرنا شامل ہے جس کا فون نمبر 0519205037 ہے۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی پہچان کیلئے میتیں ایک ہسپتال میں لائی جائیں جنہیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزارت داخلہ نے جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو لیجانے کیلئے ہیلی کاپٹرز فراہم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پولیس اور فوجی جوانوں کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین سے کہا گیا ہے کہ وہ میتوں کی پہچان کیلئے موبائل بائیو میٹرک ٹیمیں فراہم کریں۔ ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم اے اور نادرا کے چیئرمین نے موبائل بائیو میٹرک ٹیم کو فعال کر دیا ہے تاکہ لاشوں کی شناخت کی جا سکے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ایبٹ آباد کی جانب سے سہولتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں حویلیاں ہسپتال اور ایوب میڈیکل کالج تحصیل حویلیاں پہنچائی جا رہی ہیں۔ ڈی سی او ایبٹ آباد نے تصدیق کی ہے کہ میتیں ایوب میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد لائی جائیں گی جس کا فون نمبر(0992)9310200 ہے۔