امریکہ نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی ۔ بھارت کے منفی سلوک کا مطلب اجلاس کی اصل روح سے توجہ ہٹانا تھا ، بھارت کے رویہ کو کانفرنس میں موجود کسی بھی ملک نے نہیں سراہا ۔فغان صدر اشرف غنی کے بیان پر تبصرہ مناسب نہیں ترجمان دفتر خارجہ کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 8 دسمبر 2016 13:37

امریکہ نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2016ء) : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے طیارہ حادثہ پر پوری قوم افسردہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ۔ دفتر خارجہ نے بریفنگ کے آغاز پر طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے لیے دعا بھی کی۔ میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ نہیں چاہتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی ۔ بھارت میں پاکستان کے میڈیا سے ناروا سلوک کیا گیا ۔ بھارت کے منفی سلوک کا مطلب اجلاس کی اصل روح سے توجہ ہٹانا تھا ، بھارت کے رویہ کو کانفرنس میں موجود کسی بھی ملک نے نہیں سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارت کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پردہ پوشی کرنا تھا۔

ہم کشمیری قوم کی ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوںنے کہا کہ ہم بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کا اتحاد مثالی ہے۔ بھارت نے کانفرنس کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جس کا منفی تاثر ابھرا۔ ترجمان نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر تبصرہ مناسب نہیں۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز اس پر تبصرہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں بھی افغانیوں کو پناہ دی۔

افغانستان میں قیام امن اور وہاں اعتدال کا قیام پاکستان کا بنیادی مقصد تھا ۔ افغانستا ن میں قیام امن کے لیے ہماری شفاف پالیسی ہے۔ افغانستان انسداد دہشتگردی اور بارڈرمینجمنٹ پر تعاون کرے۔ ترجمان نے بتایا کہ طالبان ، القاعدہ ، جماعت الاحرار اور حقانی گروپ افغانستان سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف افغان سر زمین کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کرواتی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مابین اچھے تعلقات ہیں اور ایران نے پاکستان اور افغانستان کے مابین ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

امریکہ نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ..