صوبائی وزیر خزانہ کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے لیے عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن کی منظوری کے حوالے سے کمیٹی کا اجلاس، مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اور بروقت فنڈز کی فراہمی کے لیے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی بنیاد پر گرانٹس کی منتقلی کا فیصلہ

جمعرات 8 دسمبر 2016 23:00

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشاکی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے لیے عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن کی منظوری کے حوالے سے عبوری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں ممبر پنجاب اسمبلی محمداحمد خان، سیکرٹری فنانس شیخ حامد یعقوب ،سپیشل سیکرٹری فنانس سیف اللہ ڈوگر، سینئرایڈوائزر پی ایف ایم فیصل رشید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اسلم کمبوہ، سیکرٹری ہیلتھ علی دان ، اخوّت فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹری قانون،ممبرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،ممبرسکول ایجوکیشن کے علاوہ تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اور بروقت فنڈز کی فراہمی کے لیے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے سیکشن 153 (3) (a)کے تحت عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن (PFC)ایوارڈ کی بنیاد پر گرانٹس کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے حصول کے لیے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایک عبوری کمیٹی تشکیل کی گئی جس میں عوامی نمائندوں سرکاری افسران اور ٹیکنیکل ممبران کو نمائندگی دی گئی ۔

عبوری کمیٹی کی رائے سے عبوری پی ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کے لیے ایک ٹیکنیکل گروپ بنایا گیا جس میں محکمہ فنانس کے افسران کے علاوہ بین الاقوامی سطح کے سینئیر کنسلٹنٹس کی آراء بھی شامل کی گئیں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے اجلاس کو بتایا کہ ٹیکنیکل کمیٹی متعلقہ محکموں کے ساتھ گاہے بگاہے مشاورت کے بعد عبوری فنانس کمیشن کے لیے اپنی سفارشات تیار کر چکی ہے جن کے تحت مقامی حکومتوں کو فنڈز کی تقسیم ان کی مالی ضروریات کی بنیاد پر کی جائے گی۔

ایجوکیشن سیکٹر میں ضلعوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کا فارمولا آبادی کی گنجانی،ضلعے میں سکول سے باہر اور سکول جانے والے بچوں کی تعداداورثانوی درجہ کی تعلیم کے لیے بچیوں کی انرولمنٹ کی شرح کی بنیاد پر تیار کیا جائے گا۔ ہیلتھ سیکٹر میں ہیلتھ اتھارٹیز کو فنڈز ضلعوں میں 9سال سے کم اور65سال سے زائد عمر کے افراد کی آبادی کی شرح ،15 سے 49سال کی عمر خواتین اور غربت کی شرح کے فارمولے پر تقسیم کیے جائیں گے کیونکہ بچوں برزگوں اور افزائش نسل کی ذمہ دار خواتین کو علاج معالجے کی زیادہ ضرورت پیش آتی ہے ۔

عبوری ایوارڈ میں یونین کونسلز ،میونسپل کمیٹیوں ، میونسپل کارپوریشن ا ور ضلعی کونسلزکے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز میں معقول اضافے کی سفارشات بھی پیش کی گئیں جنھیں اجلاس کی متفقہ رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کمیٹی کے ممبران کو بتایا کہ کمیٹی کے سفارش کردہ ایوارڈ کے فارمولا کے تحت جنوبی پنجاب کے اضلاع کے وسائل میں واضح اضافہ ہو گا اس اقدام کا مقصد جنوبی میں تعلیم ،صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے ۔

سینئیر کنسلٹنٹSNGپروگرام فیصل رشید نے اجلاس کو بتایا کہ عبوری ایوارڈ کی سفارشات کی تیاری کے لیے 1998 کی مردم شماری اور مکس (MICS)کے 2014کے اعداو شمار استعمال کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مقامی حکومتوں کو اپنے وسائل میں اضافے اور مسائل کے حل کے لیے اختیارات دئیے جائیں گے اور دیہاتی علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کی عبوری فنانشیل کمیشن ایوارڈ کی سفارشات کی سمری جلد منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :