کراچی آپریشن کی کامیابی اس کے خاتمے پر ہوگی ،وزیراعلیٰ سندھ

آئین ،قانون کے تحت کام کرنیوالی جماعتوں کو دائرے میں رہ کر کام کرنے کے حامی ہیں،کراچی میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہیں ،سید مراد علی شاہ کا تقریب سے خطاب / میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 10 دسمبر 2016 15:05

کراچی آپریشن کی کامیابی اس کے خاتمے پر ہوگی ،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کی کامیابی اس وقت ہوگی جب یہ ختم ہوگا اور اس وقت تک آپریشن جاری رہے گا،آئین اور قانون کے تحت کام کرنے والی جماعتوں کو دائرے میں رہ کر کام کرنے کے حامی ہیں،سرکاری ملازمتوں پر پابندی ہٹاکر میرٹ پر ملازمتوں کی فراہمی ہوگی،کراچی میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہیں ہیں ،منصوبے سے کراچی کے پانی میں 100ملین گیلن اضافہ ہوجائے گا ،کراچی کواب 600 ملین گیلن پانی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے فراہم کیا جائے گا۔

کے الیکٹرک کو 13 ارب روپے بجلی کے واجبات کی مد میں ادا کردیے گئے ہیں ،صوبے کے لوگوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتہ کودھابے جی پر 100 ایم جی ڈی کے پمپنگ اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیربلدیات سندھ جام خان شورو،ایم ڈی واٹربورڈمصباح الدین فریداور واٹربورڈ کے دیگرحکام بھی موجود تھے۔

اس منصوبے پر ڈیڑھ ارب کے اخراجات آئیں گے۔ ڈھائی سال کے بعد کراچی کو دھابیجی پمپنگ سٹیشن سے 100 ملین گیلن پانی اضافی ملنا شروع ہوگا۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ شہر قائد میں امن وامان قائم کرنے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اس کے بہترین نتائج حاصل ہوئے گزشتہ روز بھی چند لوگوں کی وجہ سے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن فورسز کی بروقت کارروائی کے ذریعے کشیدہ حالات پر قابو پالیا۔

سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ جمہوری جماعتوں کو سیاست کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور جو بھی سیاسی جماعت قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرے گی اسے کام کرنے دیں گے اور تعاون بھی کریں گے لیکن اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف کارروائی بھی سخت ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کی کامیابی اس وقت ہوگی جب یہ آپریشن ختم ہوگا اور یہ آپریشن شہر میں موجود آخری جرائم پیشہ فرد ، دہشت گرد اور مکمل امن تک جاری رہے گا۔

وزیراعلی سندھ نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ شہر کے مسائل جلد حل ہوں کے فور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور پانی کی فراہمی کے دیگر منصوبے بھی زیرتکمیل ہیں۔ پانی کی فراہمی کا معاملہ حل کرنا اک چیلنج ہے۔ آج جو منصوبہ مکمل ہوا یہ قائم علی شاہ اورمیرے دور میں شروع ہوا۔کراچی میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہیں ہیں ،منصوبے سے کراچی کے پانی میں ایک سوملین گیلن اضافہ ہوجائے گا ۔

یہ منصوبہ شہر میں پانی کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ دیگر رہ جانے والے منصوبوں پر بھی رواں برس ہی کام شروع کردیا جائے گا، مراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی میں پانی کی فراہمی کیلئے دیگر منصوبوں پر بھی کام کیا جارہا ہے ،ایم ڈی واٹر بورڈ کو کبھی ڈانٹا نہیں وہ مجھ سے سینئر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھابے جی اور گھارو کو بھی پانی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں حکومت کا سربراہ ہوں لیکن چیلنج سب کیلئے ہیں۔پیسے میں دوں گا انتظامیہ کام کرے۔منصوبے بنائے جائیں صوبے کی عوام کے مشکلات کو ختم کرنا ہے ۔حکومت عوامی مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ واٹر بورڈ مصنوعات کو لوڈ شیڈنگ سے بچانے کے لیے پاورپلانٹ لگانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں265 ارب کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر60 ارب روپے سے زائد خرچ ہونگے۔کراچی کے تمام ترقیاتی منصوبوں پر جنوری میں کام تیز ہوجائے گا اور مئی 2017 سے قبل منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔ حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کو 50 کروڑ روپے دیئے جاتے ہیں، اگر اپنا بجلی گھر بنانا ہے تو حکومت پوری طرح مدد کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی ترقی کیلئے کام کیا جارہا ہے۔

کراچی کی ترقی کیلئے جتنی پیسوں کی ضرورت ہوگی وہ پیسے ہیں ۔کراچی کے لئے 10 ارب روپے ابتدائی طورپر دینے کی بات کی ہے اور مزید فنڈ بھی رکھے گئے ہیں جون سے قبل فنڈ ختم کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے پیسوں کا انتظام میں کروں گا شہرکی ترقی کے لئے بہترین اسکیمیں بنا کر تمام پیسہ ایمانداری سے خرچ کیا جائے۔ایم ڈی واٹربورڈمصباح الدین فرید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کراچی کے شہریوں کے لیے کے فور منصوبہ اور سو ملین گیلن پانی کا منصوبہ بڑی خوشخبریاں ہیں۔

واٹربورڈ کو بہتربنانے کے لیے وزیراعلی سندھ نے جو اقدامات شروع کیے چھ ماہ میں اس کے نتائج ملنا شروع ہوںگے،جبکہ کے فور منصوبہ وزیراعلی کی کاوشوں سے دوبارہ شروع ہواہے، سندھ حکومت نے کے فور کے لیے 6 ارب روپے فراہم کردیئے ہیں۔کے فور کے ساتھ کے تھری پر بھی کام جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ حب ڈیم پر28 کروڑ کی لاگت سے پمپنگ منصوبہ شروع کیا گیا۔

واٹربورڈ کے مختلف منصوبے مکمل ہونے سے کراچی کے شہریوں کا فائدہ ہوگا ۔مصباح الدین فریدنے کہاکہ ایک ارب باسٹھ کروڑکی لاگت سے دھابیجی پمنگ اسٹیشن سے کراچی کو100 ایم جی ڈی پانی فراہم ہوگا ۔ایم ڈی واٹر بورڈنے کہاکہ حکومت سندھ کی ہدایت کے مطابق واٹر بورڈ کی استعداد بڑھانے کے لئیے تمام منصوبے بروقت شروع کئے جارہے ہیں۔ تمام منصوبے تیزی سی تکمیل کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ ایک ارب باسٹھ کروڑ روپے سے شروع کیا جارہا ہے۔ یہ تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔ اس وقت حکومت سندھ کے تعاون کی وجہ سے دھابیجی اور پیپری پمپنگ اسٹیشن سو فیصد کارکردگی سے چل رہے ہیں۔ اس سال گرمیوں میں بھی کراچی شہر میں پانی کا شدید بحران نظر نہیں آیا۔