دنیابھر کی طرح آزاد و مقبوضہ کشمیر میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 12 دسمبر 2016 20:40

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) دنیابھر کی طرح آزاد و مقبوضہ کشمیر میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ 12ربیع الاول کے مبارک موقع پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا۔ پاک فوج کی طرف سے دارالحکومت مظفرآباد میں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ اور تمام سرکاری عمارات پر چراغاں کیا گیا تھا۔

سرکاری عمارات پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔ دن بھر مساجد اور مدارس میں درود و سلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔ دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺ کاعظیم الشان جلوس نکالا گیا ۔ جلوس میں عاشقان مصطفیﷺ کی بڑی تعدا د نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میلاد جلوس کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے۔

جبکہ مرکزی سیرت کمیٹی کا سیکیورٹی سکواڈ بھی پوری طرح چوکس رہا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور مضافات میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں۔ دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعائوں سے ہوا۔ دعائیہ تقریبات میں ملک کی سلامتی، ترقی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی ، امت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت کے لئے دعائیں کی گئیں۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام حسب روایت میلاد النبیﷺ کے جلوس کا شاندار انعقاد کیا گیا، میلاد النبیﷺ کا جلوس تاریخی جامع مسجد سلطانی مسجد سے شروع ہوا جو روائیتی راستوں سے ہوتا ہو ا میلادچوک اپر اڈہ میں اختتام پذیر ہو کر قومی سیرت کانفرنس میں شامل ہوگیا۔ جلوس نے شہر کے مختلف علاقوں کا چکر لگایا۔ جلوس کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ محمد سلیم چشتی، صاحبزادہ جاوید منان، پیر میاں محمد شفیع جھاگوی، سیکرٹری امور دینیہ و اوقاف سید نذیر الحسن گیلانی، سیکرٹری تعلیم ارشاد قریشی، مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمد کیانی، سابق وزیر چوہدری محمد رشید،پیر سید نثار الحسن گیلانی، پیر محمد لیاقت قادری،ایڈمنسٹریٹربلدیہ سید شکیل گیلانی،سابق ایڈمنسٹریٹر سردار مبارک حیدر، شوکت جاوید میر اور دیگر کر رہے تھے۔

جبکہ ڈی سی مظفرآبا تہذیب النساء بھی جلوس کے ہمراہ رہیں۔مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام نکالے گئے جلوس کا شہر کے مختلف علاقوں میں شاندار استقبال کیا گیا۔ شرکاء جلوس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ شہر میں جگہ جگہ لنگر تقسیم کیا گیا اور دودھ و مشروبات کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں۔ میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں شرکاء نے فلک شگاف نعرے بازی کی۔

سیدی مرشدی ،یا نبی ﷺ یا نبیﷺ کے نعروں سے مظفرآباد کی فضاء گونج اٹھی۔ صلوة و سلام سے شہر کی فضا معطر رہی۔ ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔ ہر طرف رنگ و نور کی بہاریں چھائی رہیں۔ جلوس میں سول ڈیفنس،ریڈکریسنٹ سوسائٹی،بم دسپوزل سکواڈ،ریسکیو1122،فائربرگیڈ،میونسپل کارپوریشن،پی ڈبلیوڈی،المصطفیٰ موبائل میڈیکل یونٹ سمیت دیگراداروںکی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔

متعلقہ عنوان :