جنید جمشید کی نماز جنازہ کل معین خان اکیڈمی میں ادا کی جائے گی، ہمایوں جمشید

منگل 13 دسمبر 2016 17:05

جنید جمشید کی نماز جنازہ کل معین خان اکیڈمی میں ادا کی جائے گی، ہمایوں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں جنیدجمشید کی میت کی شناخت ہو گئی ہے، نماز جنازہ جمعرات کو معین خان اکیڈمی میں ادا کی جائے گی۔ میڈیا سے بات چیت میں جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے بتایا کہ جنید جمشید کی میت کی ڈی این اے رپورٹ بدھ تک موصول ہو گی، ابھی ایک ٹیسٹ کی رپورٹ آئی ہے جس کے ذریعے میت کی شناخت ہوئی ہے جبکہ جنید جمشید کی نماز جنازہ جمعرات کو معین خان اکیڈمی میں ادا کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا لیکن وہاں پارکنگ کا ایشو تھا جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کی وجہ سے بھی وہاں نماز جنازہ کا انتظام نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تدفین دارالعلوم کورنگی میں ہو گی جہاں قبر پہلے تیار کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز نے مشورہ دیا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار کریں تو بہترہوگا، ہم نے ڈاکٹرز کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے انتظار کا فیصلہ کیا ہے، جیسے ہی ڈی این اے کی رپورٹ موصول ہوگی تو میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہو جائوں گا۔

ہمایوں جمشیدنے کہاکہ اسلام آباد میں کئی دوست احباب اور عزیز و اقارب موجود ہیں، تاہم بھائی کی میت میں خود وصول کروں گا جبکہ میت کو سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کراچی لایا جائے گا۔ جنید جمشید کی نماز جنازہ کے بعد تدفین دارالعلوم کراچی کورنگی میں کی جائے گی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق جنید جمشید کی میت کی شناخت ہوگئی ہے جس کے بعد ان کے ورثا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ پمز اسپتال اسلام آباد میں ہونے والے ڈی این اے ٹیسٹ میں جنید جمشید کی میت کی شناخت چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی عمر کی جانچ کے ذریعے ہوئی۔ واضح رہے گزشتہ روز جنید جمشید کے اہلیہ نیہا جنید کی بھی میت کی شناخت ہوگئی تھی اور ان کا جسد خاکی اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :