حکومت پنجاب کے شہری ترقی اورعوامی ریلیف کے منصوبوں پر گہری توجہ سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، ڈی سی اوفیصل آباد

منگل 13 دسمبر 2016 23:33

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) ڈی سی او سلمان غنی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے شہری ترقی اورعوامی ریلیف کے منصوبوں پر گہری توجہ سے عملدرآمد کیا جارہا ہے تاکہ عوامی فلاح وبہبود کے ان منصوبوں کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچائے جاسکیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈی او(سی)آفتاب احمد اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں،نالیوں وسیوریج سمیت سکولوں وبنیادی مراکز صحت کی حالت سنوارنے کے تعمیراتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کریں اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمدکے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دقت پیش نہیں آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بعض جگہوں پر بے جا کھدائی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو تیز رفتار سے مکمل کرکے کھدائی میں فی الفور مٹی بھردیں اوراسے مضبوط اورپختہ بنانے کے اقدامات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے جبکہ فالتو میٹریل کو بھی موقع سے فوری ہٹادیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،مواصلات،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر شعبوں کی محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہری تک پہنچنے چاہیں اور تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ڈی سی اونے سرکاری زمینوں سے ناجائز قابضین کی فوری بیدخلی،تجاوزات کے خاتمے،ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف موثر کارروائی،ٹوٹی سڑکوں کی مرمت اوربعض شاہرات پر لائٹس چالو کرانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ضلعی محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اس ضمن میں محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کا ان پر اعتماد مضبوط ہو۔انہوں نے بعض درخواستوں کو ذاتی شنوائی کے لئے مقرر کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران کے روبرو ان کی شکایات کاجائزہ لیکر قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :