وزیر داخلہ نے وضاحت میں بھی غلط بیانی کی ، جھوٹ ان کے چہرے پر صاف نظر آرہا تھا ، ریکارڈ گواہ ہے کہ چوہدری نثار دہشتگردوں کے انجام پر روتے رہے ہیں،حکیم اللہ محسود کے بہت بڑے پرستار تھے

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار

ہفتہ 17 دسمبر 2016 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار نے وضاحت میں بھی غلط بیانی کی اور جھوٹ ان کے چہرے پر صاف نظر آرہا تھا ، ریکارڈ گواہ ہے کہ چوہدری نثار دہشتگردوں کے انجام پر روتے رہے ہیں، حکیم اللہ محسود کے بہت بڑے پرستار تھے۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سوات آپریشن کے حوالے سے ان کے بیانات بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر جھوٹ بولنا نواز لیگ کی شناخت بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا میں سنجیدہ نہیں ہے اور یہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آئی ہے کہ چوہدری نثار بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار حکیم اللہ محسود کے بہت بڑے پرستار تھے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر داخلہ کے کالعدم تنظیموں سے قریبی اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اس لئے مستعفی نہیں ہوں گے کیونکہ وہ کالعدم تنظیموں کو تحفظ دے رہے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ان میں اخلاقی جرأت نہیں کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور کالعدم تنظیموں کا آپس میں پرانا رشتہ ہے۔