صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان کی زیر صدارت گڈ گورنس اور ترقیاتی اسکیموں کے سلسلہ میں جائیزہ اجلاس

پیر 19 دسمبر 2016 23:49

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال خیرپور میں گڈ گورننس تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی ، عوامی بھلائی کے منصوبوں، ترقیاتی اسکیموں کی جانب سے کاموں کی تفصیل لینے کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اجلاس میں کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت، چیئرمین ضلع کونسل شہریار وسان، ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر، اے ڈی سی ون ایس ایم ایاز رانا، اے ڈی سی ٹو ریاض حسین وسان، منور وسان، آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پبلک ہیلتھ ، تعلیم، پولیس، آبپاشی، ورکس اینڈ سروسز، بلڈنگ، ایگریکلچر، پی پی ایچ آئی ، نساسک، سئی گیس، سیپکو، خیرپور میڈیکل کالج سمیت تمام محکموں کے افسران بڑی تعداد میں موجود تھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ گڈ گورننس اور جاری ترقیاتی اسکیموں میں معیار ، وقت کی پابندی اور عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر خیرپور کو ہدایت کی وہ فوری طور پر اے ڈی ایل جی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت دو اہم شعبے ہیں جن کا براہ راست عوام سے تعلق ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں گڈ گورننس ، جاری ترقیاتی اسکیموں ، نئی اسکیموں اور ہر ضلع میں سرکاری منصوبوں کے بارے میں نگرانی سمیت رپورٹ کے لیے کابینہ کے تمام وزراء کو ہدایات دیں ہیں انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ سول اسپتال کی حالت ، ادویہ کی فراہمی سمیت تمام تعلقوں میں صحت مراکز کو مزید فعال بنایا جائے انہوں نے محکمہ صحت کے بجٹ کے حوالے سے تمام تر تفصیلات کی بریفنگ لی ۔

صوبائی وزیر نے ڈی او ایجوکیشن لیاقت علی خاصخیلی ، ڈی او غلام حیدر بلو کو ہدایت دی کہ بند اسکولوں کو کھلوانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرکے فوری اسکولوں کو کھلوایا جائے زبوں حال اسکولوں کی فوری مرمت کاکام شروع کرایا جائے اجلاس میں ایس ایس پی خیرپور غلام اظفر مہیسر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں کوئی بھی اغواء کا کیس نہیں ہے امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور فیض محمد بنڈو تھانے کی حدود میں ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے کافی ڈاکومقابلے کے دوران مارے گئے اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ 516 جوان حال ہی میں بھرتی کیے گئے ہیں جبکہ 260 جوان مزید بھرتی کرنے ہیں جو جلد بھرتی کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع خیرپور کے لیے 6500 پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے جبکہ ہمارے پاس 4800 پولیس اہلکار موجود ہیں انہوں نے کہا کہ خیرپور ضلع بڑا ہے جہاں ہمیں گاڑیوں اور زمزید سہولیات فراہم کی جائیں اجلاس میں صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے نساسک کے آپریشن منیجر سے شہر کی خراب صورتحال پر باز پرس کی اور ہدایت کی وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔