مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے، عالمی برادری کو بھارتی ظلم کا نوٹس لینا ہو گا ، عالمی برادری کی کشمیر کے مسئلہ پر خاموشی معنی خیز ہے ، ہم نے 2لاکھ فوجیوں کے ساتھ دہشت گردی کی جنگ لڑی ، ہمارے ہزاروں جوان اور سینئر افسران اس جنگ کے خلاف شہید ہوگئے ، ہماری طرح افغانستان بھی دہشت گردوں کو بارڈر پر روکتا تو آج وہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں نہ بنا پاتے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 20 دسمبر 2016 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا کہ ہم نے 2لاکھ فوجیوں کے ساتھ دہشت گردی کی جنگ لڑی ، ہمارے ہزاروں جوان اور سینئر افسران اس جنگ کے خلاف شہید ہوگئے ، ہماری طرح افغانستان بھی دہشت گردوں کو بارڈر پے روکتا تو آج وہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں نہ بنا پاتے ۔

منگل کو نجی ٹی وی کو انٹرویو میں طارق فاطمی نے کہا کہ سرتاج عزیز کا بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں جانا درست فیصلہ تھا، عالمی طاقتیں دوسرے ملکوں سے ہمیشہ اقتصادی فائدہ دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتی ، بھارتی افواج کشمیر میں ظلم وستم کر رہی ہے ، بھارت کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے اور عالمی برادری کو بھارتی ظلم کا نوٹس لینا ہو گا ، عالمی برادری کی کشمیر کے مسئلہ پر خاموشی معنی خیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں بھارت پر اخلاقی دبائو ڈال سکتی ہیں ۔ طارق فاطمی نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس بھارت سے نہیں بلکہ افغانستان میں امن سے متعلق تھی جس میں جانا ضروری تھا۔ اس موقع پر بھارت کے سرتاج عزیز کے ساتھ برے رویے پر بھارت کی پوری دنیا میں سبکی ہوئی ۔ (م ن)