وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس،وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کیلئے 8179.292 ملین روپے لاگت کی منظوری

منگل 20 دسمبر 2016 22:46

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس،وزیراعظم کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کیلئے 8179.292 ملین روپے لاگت کے پروگرام کی منظوری دی جو 34 اضلاع میں نافذ العمل ہو گا اور 36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اس پروگرام سے شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت فی خاندان کو سالانہ 50 ہزار روپے ہیلتھ انشورنس کی سہولت جبکہ علاج معالجے کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔ ایکنک نے توانائی کی ترقی کے متبادل ذرائع کیلئے سرمایہ کاری کے پروگرام (آر ای ڈی ایس آئی پی) کیلئے 15794.66 ملین روپے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت 3 ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی جس سے 56.2 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی اس پروگرام کے تحت توانائی کی پیداوار میں اضافے کیلئے مزید منصوبے شروع کرنے کیلئے بھی کوششیں کی جائیں گی۔

ایکنک نے 1410 میگاواٹ کے حامل تربیلا کے پانچویں توسیع منصوبے کیلئے 82361.6 ملین روپے کی منظوری دی اور اس منصوبے پر 48 ماہ میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ توسیع منصوبے کے تحت 470 میگاواٹ کے حامل 3 اضافی یونٹ بھی لگائے جائیں گے۔ ایکنک کے اجلاس میں مندرہ چکوال روڈ پراجیکٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے 9332.006 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت 64 کلو میٹر سڑک کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔

منگل کو ایکنک کے ہونے والے اجلاس میں درگئی، شبوزئی سے تونسہ شریف تک 175 کلو میٹر سڑک کے منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 4795.980 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت 6 رویہ ہائی وے کالا شاہ کاکو سے لاہور رنگ روڈ تک تعمیر کی جائے گی۔ ایکنک نے ٹیکنالوجی پارک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسلام آباد کیلئے کل 9246.013 ملین روپے کی منظوری دی۔ یہ منصوبہ آئندہ چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔

اس کیلئے ایگزم بینک آف کوریا آسان شرائط پر قرض بھی فراہم کرے گا۔ ایکنک کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔ ایکنک نے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے پاکستانی جامعات کیلئے 7142 ملین روپے کی منظوری دی، یہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز فار پاکستانی یونیورسٹیز 2024ء تک مکمل ہو گا۔ اس پروگرام کے تحت نہ صرف پی ایچ ڈی سکالرز کی تعداد میں اضافہ ہو گا بلکہ جامعات میں تعلیمی معیار کو بھی بہتر کیا جائے گا اس پروگرام سے اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ ایچ ای سی کے مطابق تمام صوبوں کو اس پروگرام سے یکساں فائدہ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :