وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں مسیحی برادری کیلئے کرسمس کی خصوصی تقریب کا انعقاد ، کرسمس کا کیک کاٹا ،مسیحی برادری کو مبارکباد دی

قائد اعظم کے پاکستان میں برداشت ، تحمل اور رواداری کا کلچر فروغ پائے گا اور پاکستان عظیم ملک بنے گا مسیحی برادری پرامن کمیونٹی ہے اورکبھی انہوں نے دل آزاری کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی بات کی ہے بین الامذاہب ہم آہنگی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا ، وطن کو محبت کے شگوفوں سے سجانے کیلئے ایک دوسرے کے ہاتھ تھامنا ہونگی:شہباز شریف

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں مسیحی برادری کیلئے کرسمس کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا-وزیر اعلی شہباز شریف اورمسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملکر کرسمس کا کیک کاٹا اور وزیر اعلی نے کرسمس کے تہوار کے حوالے سے مسیحی برادری کو مبارکباد دی-وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 دسمبر کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری کیلئے خوشیوں بھرا دن ہے - یہ حضرت عیسی ؑ کا یوم ولادت بھی ہے اور بانی پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا یوم پیدائش بھی ہے - اس لحاظ سے یہ دن ہم سب کیلئے خوشیوں کا دوھرا پیغام لیکر آیا ہے -مسیحی برادری نے پاکستان میں فروغ تعلیم ،دفاع پاکستان اور مختلف شعبوں کی ترقی میں بے مثال کردار ادا کیا ہے - تعلیم عام کرنے کے حوالے سے مسیحی برادری کی خدمات انتہائی اہم ہیں- آئین پاکستان ہر رنگ ، ہرنسل اور قوم کے فرد کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں - وزیر اعلی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات ہمارے ذہنوں میں رہنی چاہیے کہ ہم بطور مسلمان حضرت عیسی ؑ کو خدا کا رسول مانتے ہیں اور وہ ہمارے لئے انتہائی قابل احترام شخصیت ہیں - قرآن مجید حضرت عیسی ؑ اور ان کے والدہ حضرت مریم ؑ کی خوبیوں کو بیان کرتا ہے اور جوخوبیاں حضرت عیسی ؑ کو عطافرمائی گئیں قرآن مجید میں اس کا جگہ جگہ تذکرہ موجود ہے - حضرت عیسی ؑ ہمارے لئے انتہائی قابل احترام شخصیت ہیں اور ان کا احترام ہم پر واجب ہی- انہوںنے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری نے بطور پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے - فروغ تعلیم کیلئے اٹھائے گئے ان کے اقدامات سے میں بھی مستفید ہوا ہوں کیونکہ میں نے ایسے ادارے میں تعلیم حاصل کی ہے جس کی قابل احترام مسیحی ٹیچر میڈم پال نے بہت محبت اور محنت سے پڑھایااور تعلیم کے ساتھ ہمیں زندگی کے آداب بھی سکھائی- انہوںنے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں - دفاع پاکستان میں بھی کرسچن کمیونٹی کا بڑا کردار ہے - 1965ء کی جنگ میں ایئر کموڈور سیسل چوہدری نے بھرپور حصہ لیا اور ہم نے یہ جنگ جیتی -دفاع پاکستان ہو یا تعلیم کا فروغ یا کوئی اور شعبہ مسیحی برادری کا شاندار کردار ہے جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں - انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہندو ، سکھ، پارسی اور دیگر اقلیتی برادریوں کا کردار بھی لائق تحسین ہے - مسیحی برادری پرامن کمیونٹی ہے اورکبھی انہوں نے دل آزاری کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی بات کی ہے - قائد اعظم محمد علی جناح نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام برادریاں مساوی حقوق رکھتی ہیں - 80 ء کی دہائی تک پاکستان انتہائی برداشت ، تحمل اور رواداری پر مبنی معاشرہ رہالیکن 80ء کی دہائی کے دوران جب اسلام اور کیمونزم کے درمیان نام نہاد جنگ لڑی گئی تو معاشرے میں انتہاپسندی کے رحجانا ت نے جنم لیااور آج اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم یکسو ہے - دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی- پاکستان میں برداشت ، تحمل اور رواداری کا کلچر فروغ پائے گا اور پاکستان قائد کے ویژن کے مطابق ایک عظیم پاکستان بنے گا - انہوںنے کہا کہ اس ملک کو آگے لیجانے کے لئے ہمیں ملکر قائد کے تحمل ، برداشت اور رواداری کے کلچر کو آگے بڑھانا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں صبر و تحمل اور برداشت سکہ رائج الوقت ہو گا- انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے کئی برس قبل سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ بڑھا کر پانچ فیصد کر دیا ہے اور سہالہ میں سب انسپکٹرز کی دو پاسنگ آؤٹ پریڈ زمیں مجموعی طور پر 60 ایسے سب انسپکٹرز بھی منتخب ہوئے جن کا تعلق مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں سے ہے - انہوںنے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے لہذا بین الامذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا اور اسی محبت ، امن اور سکون کو واپس لانا ہے جس کا ویژن قائد اعظم محمد علی جناح نے دیا- وطن کو محبت کے شگوفوں سے سجانے کیلئے سب کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہو گا- صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور خلیل طاہر سندھونے کہا کہ وزیر اعلی نے نہ صرف اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا ہے بلکہ عدلیہ میں بھی ان کی کوششوں سے کوٹہ مختص کیا گیا ہے - وزیر اعلی شہباز شریف نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں -تقریب سے ایم پی اے شہزاد منشی ، ہیڈ آف کیتھولک چرچز آف پاکستان آرچ بشپ سبسٹین شاہ ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ونگ کے صدر ایم این اے ڈاکٹر درشن ، بشپ الیگزینڈر جان ملک ، بشپ عرفان جمیل ودیگر مسیحی رہنماؤں نے خطاب کیا اور کرسمس کی مبارکباد دی۔