حکومت کا مائیکرو فنانس کا شعبہ 42 لاکھ شہریوںکو کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان قرضہ فراہم کر رہا ہے،پرائم منسٹر انٹرسٹ فری لون سکیم کے تحت ابھی تک 2 لاکھ 50 ہزار مستحق افراد کو بلاسود قرضہ جاری کیا گیا،وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 23:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کا مائیکرو فنانس کا شعبہ 42 لاکھ شہریوںکو کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان قرضہ فراہم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پرائم منسٹر فری لون سکیم کے تحت چیکس کی تقسیم کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم میں 6 سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر انٹرسٹ فری لون سکیم کے تحت ابھی تک 2 لاکھ 50 ہزار مستحق افراد کو بلاسود قرضہ جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کا تعلق 44 اضلاع کی 427 یونین کونسلز سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاسود قرضہ حاصل کرنے والوں میں 62 فیصد خواتین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت معاشرے کے مستحق غریب افراد کو قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ اس سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کامیابی سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا بجٹ سال 2013ء میں 40 ارب روپے تھا، موجودہ حکومت نے سال 2016ء تک اس بجٹ کو بڑھا کر 117 ارب روپے کر دیا ہے اور اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 56 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کے پیش نظر اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کا سالانہ بجٹ 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 18 ہزار 800 روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے غریب اور نادار طبقے کی سہولت کیلئے پاکستان بیت المال کا بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :