زائد المیعاد اور سمگل شدہ زرعی ادویات کی فروخت پر مقدمہ درج

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:23

راولپنڈی۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے زائد المیعاد اور سمگل شدہ زرعی ادویات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ زراعت راولپنڈی کے شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر و ضلعی پیسٹی سائیڈ انسپکٹر ناصر مظہر ملک نے زرعی ادویات کی دکان ’’ چوہدری زرعی سٹور‘‘ سبزی منڈی گوجر خان پر اچانک چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں زائد المیعاد اور سمگل شدہ زرعی ادویات برآمد کر لیں اور دکان کے مالک خالد عباسی ولد عبد المالک ارائیں کے خلاف زرعی آرڈیننس کے تحت تھانہ گوجر خان میں پرچہ درج کرا دیا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سخت ہدایات اور محکمانہ انتباہ کے باوجود ملزم کافی عرصہ سے غیر معیاری اور سمگل شدہ زہریلی زرعی ادویات کا دھندہ کر رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ناصر مظہر ملک نے کہا کہ قانون کے مطابق جعلی، غیر معیاری و سمگل شدہ اور زائد المیعاد زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔