عدالتی حکم پر واسا راولپنڈی کے 134ملازمین کو مستقل کر دیا گیا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:23

راولپنڈی۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء)واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی راولپنڈی نے عدالتی احکامات پر 134 ملازمین کو مستقل کردیا ،عارضی ملازمین کی مستقلی کے احکامات لاہور ہوئی کورٹ راولپنڈی بینچ کے عدالتی فیصلے کی روشنی میں دیے گئے ۔اس حوالے سے گذشتہ روز ایک تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے مختلف کیٹگریز میں مستقل ہونے والے ملازمین کو لیٹر جاری کیے ۔

جن ملازمین کو مستقل کیا گیا ان میں سب انجئینرز، سٹینو گرافر ، سینئر کلرک، جونیئر کلرک ، کمپیوٹرآپریٹر، ٹیوب ویل آپریٹر ، بل ڈسٹری بیوٹر ، امام مسجد ، چوکیدار ، نائب قاصد اور سیور مین شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ مستقل ہونے والے ملازمین میں سے بیشتر گذشتہ دس برس سے واسا میں خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واساراجہ شوکت نے اس موقع اپنے خطاب میں کہاکہ مستقل ہونے والے ملازمین ادارے کی ترقی و فلاح میں بھر پور کردار ادا کریںتاکہ واسا راولپنڈی اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کرسکے ۔

انہوں کہا ہے تمام مستقل ہونے والے ملازمین میرٹ پر ان کی تعلیمی قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرتی کیا گیا تھا جنھیں بعد میں لیبر کورٹ اور ہائیکورٹ نے مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جن پر من و عن عمل درآمد کردیا گیا ہے۔