Live Updates

عمران خان کے خلاف نا اہلی ریفرنس کی سماعت آئندہ روز تک ملتوی

اکرم شیخ کل ریفرنس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق دلائل دیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 دسمبر 2016 13:23

عمران خان کے خلاف نا اہلی ریفرنس کی سماعت آئندہ روز تک ملتوی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 دسمبر 2016ء) : الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کے خلاف نا اہلی ریفرنس کی سماعت آئندہ کل تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔ آئندہ کل سماعت میں طلال چوہدری کے وکیل اکرم شیخ ریفرنس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق دلائل دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف نا اہلی ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔

عمرا ن خان کے خلاف نا اہلی ریفرنس ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھا ہے ۔ ریفرنس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی ۔ سماعت میں طلال چوہدری کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ ایشوز فریم کیے بغیر کیس کی کارروائی آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں کہہ چکی ہے کہ الیکشن کمیشن ایشوز فریم کرے۔

(جاری ہے)

اکرم شیخ نے کہا کہ الیکشن کمیشن صرف جواب لیکر نہ دلائل لے سکتا ہے اور نہ ہی فیصلہ سنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جواب رام کہانی ہے ۔ اکرم شیخ نے کہا کہ آرٹیکل 62/63 کی خلاف ورزی اور غلط ڈکلئیریشن پر الیکشن کمیشن نا اہل کر سکتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک موقف یہ بھی ہے کہ معاملہ پہلے سیشن جج کو بھجوایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیشن جج ٹرائل کرے اور اس کی رپورٹ پر کمیشن فیصلہ کرے۔

دوسرا موقف یہ ہے کہ الیکشن کمیشن خود صادق اور امین کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہآج اسپیکر ریفرنسز پر سماعت ہو رہی ہے۔آج ہونے والے کیسز اور محفوظ شدہ کیسزکی نوعیت میں فرق ہے۔ سپریمکورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باعث فیصلہ محفوظ کیا۔ جن مقدمات میں فیصلہ محفوظ کیا وہ پٹیشنز نا اہلی کے لیے دائر کی گئی تھیں۔سماعت کے دوران اکرم شیخ کا کہنا تھاکہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کو یکجا کیا جائے۔

آپ ایشوز فریم کر لیں، فریقین سے شواہد ریکارڈ کیے جائیں۔ اکرم شیخ نے کہا کہ آُ کو اس سے قبل بھی دو مرتبہ ایشوز فریم کرنے کا کہا گیا ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مجھے نہیں یاد کہ پہلے کبھی ایس بات کہی گئی ہو۔ اکرم شیخ نے کہا کہ دائرہ اختیار چیلنج ہوا تو بھی عدالت کی معاونت کریں گے۔ عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ ریفرنس کا دفاع اسپیکرقومی اسمبلی کو خود کرنا چاہیے،۔

انہوں نے کہا کہ سپیکرکونااہلی کی دراخواست دینے والے ارکان کمیشن میں ریفرنس کا دفاع نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن میں ریفرنس اسپیکر نے دائر کیا۔ لہذا کسی رکن کا اب اس سے تعلق نہیں۔ نعیم بخاری نے کہا کہ کمیشن میں صرف الیکشن کے بعد کے اقدامات پراہلیت کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔الیکشن سے پہلے کے کسی معاملے پرانتخابات کے بعد کمیشن کو کارروائی کا اختیارنہیں ہے ۔

نعیم بخاری نے مزید کہا کہ بنی گالہ اراضی 2003 میں خریدی گئی تھی۔ ریفرنس میں کسی شق کیخلاف ورزی کا تذکرہ نہیں ہے ۔ میاں بیوی کے مابین ہونے والے معاملے پر ریفرنس دائر کیا گیا ۔انتخابات کے وقت اراضی کا معاملہ نہیں اٹھایا گیا۔ نعیم بخاری نے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق معتصب ہیں۔ عمران خان نے ایاز صادق کے مقابلے میں الیکشن لڑا ۔ الیکشن لڑنا دشمنی کا باعث بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف پی ٹی آئی کا ریفرنس خارج کیا ۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن لڑنا تعصب نہیں ہوتا ۔ ہر اسپیکر کسی کے خلاف الیکشن لڑ کر ہی آتا ہے ۔ کیا تعصب کی بنیاد پر اسپیکر ریفرنس خارج کر سکتا ہے؟ جس پر نعیم بخاری نے کہا سپریم کورٹ میں بھی ایسا ہی ایک معاملہ زیر التوا ہے۔ وہی نکات سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

نعیم بخاری نے سماعت میں کہا کہ یہ ریفرنس ناقابل سماعت ہے، اس ریفرنس پرمزید بات نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکراسمبلی کو یہ بھی علم نہیں کہ آرٹیکل 63 کی کونسی ذیلی شق لاگو ہوتی ہے،اس کیس میں نااہلی کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت ہوتی یا پھرالیکشن ٹریبونل میں۔ جس پر الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان نے اپریل 2014 میں گرینڈ حیات بلڈنگ میں فلیٹ خریدا۔

عمران خان کی جانب سے2014 کے اثاثوں میں فلیٹ کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے فلیٹ کا ذکر2015 کے اثاثوں میں کیا گیا،اثاثے چھپانے کا معاملہ الیکشن کے بعد بھی اٹھایا جاسکتا ہے۔ اکرم شیخ کے ان دلائل پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ اسپیکر نے کن شواہد پر ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا؟ جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی مزید سماعت کو آئندہ روز تک ملتوی کر دیا۔ آئندہ سماعت میں طلال چوہدری کے وکیل اکرم شیخ اس ریفرنس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق اپنے دلائل پیش کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :