محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

منگل 27 دسمبر 2016 23:12

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ برسی کے موقع پر ملک بھر سے کارکنان کی بڑی تعداد میں گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر حاضری دے کر فاتح خوانی کی جبکہ مرد اور خواتین کارکنان کے آمد اور اپنے رہنماؤں سے والہانہ محبت کے اظہار کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جہاں کارکنان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو یاد کرکے فلک شگاف نعرے لگائے۔

برسی تقریبات کا آغاز صبح کے وقت مزار کے احاصے میں قرآن خوانی سے کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے صوبائی اور ضلعی مرد اور خواتین رہنماؤں نے شرکت کی جس کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

جلسہ عام کی شروعات تلاوت کلام پاک سے کی گئی جس کے بعد دوپہردو بجے مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں نامور شعراء کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت اور ملک کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں پر اپنے اشعار پیش کرکے بینظیر بھٹو کی یاد تازہ کردی۔

برسی کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے گڑھی خدابخش بھٹو اور نوڈیرو آنے جانے والے راستوں پر بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ مزار کے اندر داخل ہونے والے کارکنان کو جامع تلاشی اور واک تھڑو گیٹ کے ذریعے مزار کے اندر داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ جلسہ گاہ اور مزار کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

برسی کے موقع پر ملک کے کونے کونے سے آنے والے کارکنان کے لئے لاڑکانہ، نوڈیرو سمیت مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ۔ لاڑکانہ پولیس کی جانب سے 6800پولیس، 300رینجرز، 700 ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جبکہ پولیس اور رینجرز کے ہمراہ جانثاران بینظیر اور خواتین رضاکاروں نے بھی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :