افغان سیکورٹی فورسز کا حقانی نیٹ ورک کے 2اہم پاکستانی رہنمائوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

آپریشن ننگرہار صوبے کے ضلع لالپور کے گائوں ناصفئی میں کیا گیا،دونوں کمانڈروں کی شناخت اومران خان عرف ڈاکٹر زکریا اور شاہین کے نام سے ہوئی ہے جو خودکش حملوں اور دیگر دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھے،آپریشن کے دوران حقانی نیٹ ورک کے 2دہشتگردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ،افغان وزارت داخلہ

اتوار 8 جنوری 2017 16:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جنوری2017ء) افغان سیکورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں حقانی نیٹ ورک کے 2اہم پاکستانی رہنمائوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔اتوار کو افغان خبررساں ادارے ’’خا ما پریس ‘‘ کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان نیشنل پولیس نے آپریشن کے دوران حقانی نیٹ ورک کے 2سینئر رہنمائوں کو ہلاک کردیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے دونوں سینئر لیڈروں کو ننگرہار میں ہلاک کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن ضلع لالپور کے گائوں ناصفئی میں کیا گیا۔دونوں کمانڈروں کی شناخت اومران خان عرف ڈاکٹر زکریا اور شاہین کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق پاکستان سے ہے ۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دونوں سینئر کمانڈروں خودکش حملوں اور دیگر دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھے ۔وزارت داخلہ کے مطابق آپریشن کے دوران حقانی نیٹ ورک کے 2دہشتگردوں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 11ہینڈ گرینیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔دونوں دہشتگردوں کی شناخت سربلند اور ضیاء الرحمان کے نام سے ہوئی ہے ۔