سی آئی ڈی سول لائن روڈ چوہدری اسلم شہید کے نام سے منسوب

ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر ، ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان ، قاری سجاد ، سلیم تنولی اور چوہدری اسلم کے صاحبزادوں و دیگر نے افتتاح کیا سی آئی ڈی گارڈن میں منعقدہ قرآن خوانی میں سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنمائوں سمیت پولیس اور پاک فوج کے افسران کی شرکت شہر بھر کے تمام دہشت گرد خوف کھاتے تھے، چوہدری اسلم کی شہر کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، مقررین کا شرکاء سے خطاب

منگل 10 جنوری 2017 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم خان کی تیسری برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، شہید کے درجات کی بلندی کے لئے قرآن خوانی سی آئی ڈی گارڈن آفس میں ہوئی جس میں ن لیگ کے سینیٹر سلیم ضیاء ایڈوکیٹ، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد حسین بخاری، پاکستان یکجہتی کونسل کے صدر قاری سجاد تنولی، مفتی عبدالقادر جعفر، ہزارہ عوامی اتحاد کے مرکزی صدر نعیم اشرف درانی، ن لیگ سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری حاجی صالحین، اسلم گبول، قاضی زاہد، حاجی پرویز تنولی، مذہبی رہنما حافظ احمد علی، چیئرمین یوسی 33 گلشن غازی وقار تنولی، چیئرمین یوسی 36 اتحاد ٹائون رفیق خان، تنولی اتحاد کے صدر سعید تنولی، ڈاکٹر ثمین، الطاف تنولی، کونسلر عنایت شاہ، کونسلر شہزاد خان سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران ، سیاسی، سماجی، مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سی آئی ڈی سول لائن والے روڈ کو شہید چوہدری اسلم کے نام سے منسوب کرنے کی سادہ و پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی، ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان، ایس ایس پی نوید خواجہ، ایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب، ایس ایس پی سائوتھ ثاقب اسماعیل میمن، ایس ایس پی عمر شاہد، ایس ایس پی راجہ عمر خطاب، ایس پی مظہر مشوانی ، پاکستان یکجہتی کونسل کے صدر قاری سجاد تنولی ، یوسی چیئرمین سلیم تنولی اور شہید چوہدری اسلم کے صاحبزادوں نے شہید چوہدری اسلم روڈ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی فریئر سردار ظفر اقبال، ایس ایچ او سول لائن وقار تنولی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ساری زندگی دہشت گردی کے خاتمے اور کراچی کے امن کیلئے سرگرم شہید افسر چوہدری اسلم 9جنوری 2014 کو کراچی کے لیاری ایکسپریس وے پردہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ شہید چوہدری اسلم نے 1963میں مانسہرہ کے علاقے ڈھوڈھیال میں پیدا ہوئے، جبکہ وہ ابتدائی تعلیم کے بعد کراچی منتقل ہوگئے، انہوں نے کراچی میں ہی گریجویشن کی اور پھر پولیس فورس میں شمولیت اختیار کرلی۔

مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اسلم کا نام ان بہادر افسران میں شمار کیا جاتا تھا جن سے شہر بھر کے تمام دہشت گرد خوف کھاتے تھے، جبکہ چوہدری اسلم کی شہر کے لیئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔