کوہاٹ میں ٹریفک کے اژدھام پر قابو پانے کیلئے ریڈ زون کا قیام

منگل 10 جنوری 2017 20:49

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) کوہاٹ میں ٹریفک کے اژدھام پر قابو پانے کیلئے ریڈ زون کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے نیا پلان مرتب کرکے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی خاطر گاڑی مالکان کیلئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے روٹ پرمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں دن بدن ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پی اے ایف سینما چوک سے لیکر پشاور چوک تک ریڈ زون قائم کردیا گیا ہے اور اس حساس ایریا کے اندر مسافر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔علاوہ ازیںریڈ زون میں بغیر رجسٹریشن،روٹ پرمٹ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی اور شہر میں داخل ہونے والی ایسی گاڑیوں کوبنوں پھاٹک،بہاولنگر،تھانہ جنگل خیل،شاہ پور چیک پوسٹ اور سٹی پھاٹک تک محدود رکھا جائے گااور قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے گاڑی مالکان کے خلاف ٹریفک قوانین کے رو سے کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح بنوں اور پنڈی روڈ کی مسافر گاڑیوں کیلئے پی اے ایف سینما چوک جبکہ ہنگو اور کے ڈی اے روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کیلئے پشاور چوک کو پک اینڈ ڈراپ کیلئے مختص کردیا گیا ہے جہاں سے ان گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم ریڈ زون کے اندر جانے والے شہریوں کو خدمات مہیا کرنے کیلئے مخصوص گاڑیاں مقرر کردی گئی ہیں اور ٹریفک حساس ایریا میں ان گاڑیوں کیلئے سٹاپ مخصوص کردئیے گئے ہیں۔

مزید برآں گاڑی مالکان کو متعلقہ روٹس اسٹیکرز گاڑیوں کے شیشوں پر چسپاں کرنے کی تاکید کرتے ہوئے میاں خیل بازاراور مین بازار کو ٹریفک کیلئے ون وے مقرر کردیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایت نامہ میں اساتذہ اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کمسن بچوں کو موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیاں نہ چلانے کی ہدایت کریں اور سکول کے بچوں کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے کے امتناعی اقدامات کو یقینی بنائیںجبکہ سکول اور کالج ڈیوٹی والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں سے موسیقی کے آلات،اضافی جنگلے اور ناذیبا تحریر فوری طور پر ہٹائیںبصورت دیگر ان گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :