بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سٹالوارٹس میڈیا گروپ کی طرف سے شاندار تقریب کا انعقاد

بدھ 11 جنوری 2017 16:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئیسٹالوارٹس میڈیا گروپ کی طرف سے اپنی نوعیت کی ایک شاندار اور خوبصورت تقریب نیشنل میوزیم میں منعقد کی گئی۔ اس پروگرام اور اس میڈیا گروپ کے روح رواں مشہور اداکار انور اقبال تھے۔ جن کی منفرد سوچ نے اس پروگرام کو ایک فارمل اور عام انداز کی تقریب سے ہٹ کر ایک دلکش اور دلفریب نغمے کی صورت دیدی تھی۔

اس پروگرام میں تقریریں نہیں کی گئیں بلکہ قیام پاکستان کی اہمیت کو قومی نغمات اور ایک ڈرامہ سے اجاگر کیا گیا تھا۔ ناظرین کیلئے یہ ایک نیا تجربہ تھا۔ ورنہ عام طور پر اس انداز کے پروگرام خشک ہوا کرتے ہیں جن میں تالیاں بجادی جاتی ہیں جبکہ اندر سے کسی ولولے اور جوش کا اظہار نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس پروگرام کا ہر لمحہ‘ اتنا معنی خیز اور تاثر کن تھا کہ لوگ خود کو ایسے میدان جنگ میں محسوس کررہے تھے جہاں قومی نغمات لہو کی گردش تیز کرتے چلے جاتے ہیں۔

اس پروگرام کے پروڈیوسر‘ ڈائریکٹر‘ صداکار اور اداکار انور اقبال ہی تھے۔ خاص طور پر کلومیاں کے روپ میں ان کی پرفارمنس دیکھنے والی تھی۔ عام طور پر یہ تمام شعبے صرف ایک آدمی کے بس کا روگ نہیں ہوتے۔ پوری ٹیم درکار ہوتی ہے۔ کلومیاں کی گواہی منظر امام نے لکھا تھا جبکہ اس کو پرفارم کیا تھا۔ انور اقبال‘ نعیم صدیقی اور عامرعلی نے جبکہ پامسٹ اکبر سرحدی بھی ایک کردار میں جلوہ گر ہوئے تھے۔

اس خوبصورت پروگرام کو اس کے خوبصورت اور بامعنی انجام تک پہنچانے والوں میں ڈائریکٹرز نذر حسین تھے جبکہ موسیقی کی اسکورنگ غیاث الدین افسر کی تھی۔ ان کے علاوہ عائشہ انور کی سولو پرفارمنس بھی دیکھنے والی تھی۔ اس پرفارمنس نے خود انحصاری کا بھرپور سبق دیا تھا۔ محمد افراہیم کے دلکش قومی نغمے ’’زمیں کی گود رنگ سے امنگ سے بھری رہے‘‘ کی لائیو پرفارمنس نے پروگرام کے حسن کو بڑھادیا تھا۔ انور اقبال نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام ہماری نوجوان نسل کیلئے ایک سوغات بھی ہوتے ہیں اور وہ یہ بھی جان جاتے ہیں کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ہمیں کتنا بڑا تحفہ دیا‘ خدا اس ملک اور اس ملک کیلئے اس قسم کے جذبہ رکھنے والوں کو سلامت رکھے۔

متعلقہ عنوان :