ہائیکورٹ کا پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کی سمری پیش کرنے کا حکم

بدھ 11 جنوری 2017 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کی سمری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار عندلیب عباس کے وکیل شیراز ذکاء نے موقف اختیار کیا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی اور حکومت پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت کو پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کا کوئی قانونی اور اخلاقی حق نہیں اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی نہیں کی جاسکتی۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے۔جس پر فاضل عدالت نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کی سمری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔