صدر مملکت سے کرغزستان کے وفد کی وزیر معاشیات جوشیو ارزیبک اورزوبوکووچ کی سربراہی میں ملاقات

پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،کرغستان کیساتھ مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں، ممنون حسین خطے میں روابط بڑھانے کی ضرورت ہے،سی پیک سے وسط ایشیائی ممالک بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں،کاسا توانائی کے شعبوں میں مددگار ثابت ہو گا، صدر مملکت کی گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں کرغستان کے اقتصادی امور کے وزیر اور مشتریہ چیئرمین پاکستان کرغستان جوائنٹ وزارتی کمیشن جوشیو ارزیبک اورزوبوکووچ کی سربراہی میں ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کرغستان سے تعلقات کو بڑی قد ر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان کے درمیان توانائی کے شعبہ میں کاسا کا منصوبہ بہت اہم ہے اور یہ منصوبہ توانائی کی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ توانائی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان چاہتا ہے کہ پورے خطے کے ممالک ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں اور اس کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ پاکستان جنوبی ایشیا، چین اور وسط ایشیائی ممالک میں روابط کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے وسط ایشیاء ممالک بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان ٹرانسپورٹ ، توانائی اورتجارتی شعبوں میں اضافہ کر کے غربت کے خاتمے کیلئے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی لحاظ سے بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ بین الاقوامی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے تحت کیے گئے اقدامات کو سراہا رہے ہیں ۔ خطے میں باقی ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہور ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایشیائی ممالک تجارت کے حجم کو زیادہ سے زیادہ بڑھائیں اس سے باہمی روابط میں اضافہ ہو گا اور اقتصادی حالت بھی بہتر ہو گی۔صدر مملکت نے امید کا اظہار کیا کہ کرغستان یوروایشین اکنامک یونین کی ممبر شپ کیلیے پاکستان کی حمایت کریگا۔انہوں نے پاکستان اور کرغستان کے اعلی ٰسطح کے دوروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :