ملک بھر کی تاجر برادری کا وزیراعظم کے برآمدات بڑھانے کیلئے 180 ارب روپے ریلیف کا خیر مقدم

بدھ 11 جنوری 2017 21:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) ملک بھر کی تاجر اور کاروباری برادری نے وزیراعظم کے تجارتی اقدامات کے تحت برآمدات بڑھانے کیلئے 180 ارب روپے کے ریلیف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تجارتی حجم بڑھے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ تاجر برادری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ریلیف پیکیج سے نہ صرف برآمدات میں تیزی آئے گی بلکہ ٹیکسٹائل شعبہ کی استعداد کار بھی بڑھے گی۔

بدھ کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل آباد کی معروف کاروباری شخصیت زبیر حسین نے کہا کہ حکومتی ریلیف پیکیج سے برآمدی شعبہ کی استعداد بڑھے گی اور مسابقتی عمل کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات عالمی کساد بازاری کے باعث متاثر ہوئی تاہم حکومتی اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ حکومت کی طرف سے برآمدی صنعتوں کیلئے 180 ارب روپے کے پیکیج کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکیج سے تجارت بڑھے گی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ حل ہو گیا جس سے ٹیکسٹائل شعبہ میں مسابقتی عمل کو فروغ حاصل ہو گا اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مختلف برآمدی مصنوعات پر ری بیٹ چاہتے تھے ان کا یہ مطالبہ حل ہو گیا ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیراعظم کاروباری برادری خصوصاً برآمد کنندگان کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج سے کھیلوں کے سامان، (چمڑے کی مصنوعات)، سرجیکل اور کٹلری مصنوعات، ٹیکسٹائل میں دی جانے والی رعایت سے بین الاقوامی سطح پر مسابقت آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

اب برآمد کنندگان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس پیکیج سے استفادہ کرتے ہوئے برآمدات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخارملک نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ برآمدات کے فروغ کیلئے پیکیج سے تجارتی حجم بڑھے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :