پلے لینڈ اورفوڈ کورٹ کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنا کر سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ افضل کھوکھر

آئندہ ضبط کردہ جانوروں اور پرندوں کو کسی اور پارک کی بجائے صرف سفاری زو لایا جائے گا‘ڈی جی جنگلی حیات

بدھ 11 جنوری 2017 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء)رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی برائے وائلڈلائف محمد افضل کھوکھرنے کہا ہے کہ فنڈز حاصل ہوتے ہی سفاری زو لاہور کے گرد پختہ چار دیواری کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات سفاری زو لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو لاہور سید ظفرالحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کواٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی عامر مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن حسن علی سکھیرا اور پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ کے کنٹریکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پلے لینڈ میں آنے والے سیاحوں کو تمام سہولیات میسر ہوںگی جبکہ فوڈ کورٹ میں بہترین فوڈ کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سفاری زو لاہور میں جانوروں اور پرندوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور آئندہ ضبط کئے جانے والے جانوروں و پرندوں کو سفاری زو لاہور میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلے لینڈ فن دنیا میں بچوں کے لئے اچھوتی سہولیات مہیا کی جائیں گی جو ان کی تفریح کا باعث بنیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا کہ سیاحوں کو تفریح کی زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بس کے زریعے سیاحوں کو جلو پارک سے سفاری زو لانے لیجانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اب تاریخی مقامات کی سیر کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو سفاری زو لاہور کی سیربھی کروائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں محکمہ سیاحت کے ساتھ معاملات طے کئے جارہے ہیں جن کا فائنل ہوتے ہی اس منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔