وزیر اعظم 9ماہ میں رزق حلا ل کے متعلق کوئی جواب نہیں دے سکے، خرم نواز گنڈا پور

پاکستان کے مسائل موٹرویز کی تعمیر سے نہیں ایماندارسیاسی قیادت سے حل ہوں گے

بدھ 11 جنوری 2017 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم 9ماہ میں رزق حلال کمانے اور کھانے کے حوالے سے قوم کے سوالوں جواب نہیں دے سکے۔ایک عدالت عوام اور ایک اللہ کی عدالت بھی ہے جہاں بڑے بڑے فرعونوں کے احتساب کے لیے کسی کمیشن اور ٹی او آرز کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قطری شہزادے کا خط مددگار ثابت ہوسکے گا۔

پاکستان کے مسائل موٹرویز کی تعمیر سے نہیں ایماندار سیاسی قیادت کے آنے سے حل ہونگے۔ایسی موٹرویز کا کیا فائدہ جن سے پاکستان تاریخ کا مقروض ترین ملک اور ہر شہر ی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض ہو ۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز یہاں پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمیں ایسا جسٹس سسٹم چاہیے جو کسی کی حیثیت کو پیش نظر رکھے بغیر انصاف کرسکے،انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون، پانامہ لیکس اور نیوز لیکس پر انصاف نہ ہونے کے باعث ثابت ہوگیا کہ موجودہ نظام بڑے چوروں کو تحفظ دے رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کٹاس راج میں جو خطاب کیا وہ خطاب ان کے کانوں نے پہلے سنا لہذا وہ خود بھی اس پر عمل کریں، پاکستان کے سیاسی لیڈروں پر الزام تراشی اور قیمتیں لگانے کا کلچر میاں نواز شریف اور ان کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف نے متعارف کروایا،الزام تراشی کے ذریعے منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر حملہ کیا اور 14بے گناہوں کی جانیں لیں، اور پھر شہداء کے ورثاء کو انصاف بھی نہیں ملنے دے رہے ، انہوں نے کہا کہ قومیں قرض کی موٹرویز سے نہیں انصاف اور غیرت سے آگے بڑھتی اور باوقار ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ غریب کے بچوں کو اپنی جان کہنے والے وزیر اعظم نے انہیں بچوں کی تعلیم، صحت کے پیسے سے اپنے 3بچوں کے لیے لندن میں اربوں روپے کے محلات خریدے، وزیر اعظم کو پاکستان کے غریب بچوں کا خیال ہے تو پھر لوٹ مار کی ساری دولت واپس لائیں۔