صوبائی وزیر برائے کھیل کی جانب سے ضلع گھوٹکی میں 15 جنوری کو میراتھن ریس ہوگی

بدھ 11 جنوری 2017 23:03

سکھر۔11جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) صوبائی وزیر برائے کھیل سردار محمد بخش خان مہر کی جانب سے ضلع گھوٹکی میں 15 جنوری کو میراتھن ریس منعقد کروائی جارہی ہے جس میں ضلع بھر کے سیکڑوں نوجوان حصہ لیں گے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میراتھن ریس کی تیاریوں کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس ایس پی گھوٹکی مسعود احمد بنگش، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خالد سلیم، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو فیاض حسین راہوجو، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی محمد اکرام ملک، چیئرمین میونسپل کمیٹی گھوٹکی سید اصغر علی شاہ اور ایونٹ مئنیجر خرم علی سمیت متعلقہ عملداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی ذہنی جسمانی نشونما کے لیے ضروری ہے کہ کھیلوں کے پروگرام منعقد کروائے جائیں تاکہ لوگوں کو تفریح کا ماحول میسر ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ریس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیوں کہ کھیل سے انسان میں جوش و جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ایس ایس پی گھوٹکی سمیت اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ میراتھین ریس کے حوالے سے انتظامات مکمل کریں ۔ اس موقع پر ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے بتایا کہ 15 جنوری پہ میراتھین ریس کے دوران عادلپور روڈ گنے کی ٹریکٹر ٹرالیوں کے لیے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک بند رہی گی تاکہ ریس کے دوران کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔

اس موقع پر ایونٹ منیجر خرم علی نے بتایا کہ ضلع بھر میں 3 ہزار فارم تقسیم کیے گئے تھے جس میں سے تقریبا 9 سو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ، ریس عادلپور روڈ پر دوپہر 3 بجے شروع ہوگا جیتنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریس کے بعد ڈگری کالج گھوٹکی کے گرائونڈ میں کلچر پروگرام منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :