خوشحالی اور ترقی کا سہرا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت پوری ٹیم کے سر ہے، سابق وزیر خزانہ گوہر ایوب

جمعہ 13 جنوری 2017 11:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ گوہر ایوب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور یہ خوشحالی ہمیں بڑے عرصہ بعد نصیب ہوئی ہے۔

گوہر ایوب نے کہا کہ ملکی خوشحالی اور ترقی کا سہرا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت پوری ٹیم کے سر ہے جن کی شب وروز محنت سے شرح نمو میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا انحصار زراعت،صنعت اور دیگر پراجیکٹس پر ہے اور اس سے کہیں بڑھ کر حکومت کی مثبت پالیسیوں کا ہوتاہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں ملکی حالات ایسے تھے کہ اندرونی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری سے ڈرتے تھے کہ کہیں ان کا سرمایہ ڈوب نہ جائے۔

سابق وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بیترین اور مثبت پالیسیوں کی بدولت اندرونی سرمایہ کاروں سمیت غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے لگے ہیں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو دیکھتے ہوئے آئندہ برس پاکستان میں مذید 57 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آنے والی ہے۔انھوں نے کہا چین ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری افریقہ میں کر رہا ہے اور اس کے لئے بھی پاکستان کی راہداری کو استعمال کیا جائے گا جس سے پاکستان میں مزید ترقی اور روزگار کا اضافہ ہوگا۔