احباب جمعیت فیملی پروگرام آج ایکسپو سینٹر میں ہوگا ،ہزاروں سابقین جمعیت شریک ہوںگے

پروگرام کا آغاز صبح 10بجے ہوگا ، منور حسن ، سراج الحق ، لیاقت بلوچ ، احسن اقبال ، جاوید ہاشمی ، اوریا مقبول جان اور دیگر خطاب کریں گے

ہفتہ 14 جنوری 2017 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) حلقہ احباب ِ جمعت کراچی کے تحت احباب جمعیت فیملی پروگرام اتوار 15جنوری کو ایکسپو سینٹر میں ہو گا ۔پروگرام کا آغاز صبح 10بجے ہو گا جو شام 7:30بجے تک جاری رہے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے کُل تین سیشنز ہوں گے ۔پہلے سیشن میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر و سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سید منور حسن مہمانِ خصوصی ہوں گے ۔

دوسرے سیشن کی صدارت جمعیت کے سابق ناظم اعلیٰ و جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کریں گے جبکہ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ہوں گے ۔ تیسرے سیشن کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اعلیٰ سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے اوریا مقبول جان ،جاوید ہاشمی ،اعجاز چوہدری ، راشد نسیم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،حافظ نعیم الرحمن ،عبدالغفار عزیز ،عزیز نشتر، امیر العظیم ، وقاص انجم جعفری ،شاہ نواز فاروقی ،انیق احمد ،بشیر جمعہ، زاہد چھیپا (اسلام 360)، فصیح اللہ حسینی ، صہیب الدین کا کاخیل، ہاشم یوسف ابدالی اور دیگر خطاب کریں گے ۔

اجتماع میں زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے احباب جمعیت کو یادگاری شیلڈز اور ایوارڈز بھی دیئے جائیں گے جبکہ عبد الغفار بلو،جنید جمشید ،ڈاکٹر عبدالباری،نصر اللہ خان شجیع ،ڈاکٹر پرویز محمود ،پاشا احمد گل ،عبد الستار ایدھی ،صدیقی پولانی اور دیگر کے اہلِ خانہ و ورثاء کو یادگاری شیلڈز پیش کی جائے گی ۔ علاوہ زایں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کو بھی ان کی شاندار خدمات پر یادگاری شیلڈدی جائے گی ۔

پروگرام میں تمام رجسٹرڈ شرکاء کے لیے ہر سیشن میں ایک ایک عمرے کا ٹکٹ بھی بذریعہ قرعہ اندازی دیا جائے گا ۔اجتماع میں ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔جس میں افضال صدیقی ، محمود غزنوی ، علاؤالدین خانزادہ ، اجمل سراج ، خلیل اللہ فاروقی ، شاہ نواز فاروقی ،نجیب ایوبی ، عبد الرحمن ، شہیر سلال اور دیگر شعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے جبکہ ٹیبلو ،خاکے اور ڈاکیو منٹری بھی دکھائی جائے گی ۔

پروگرام میں فوڈ کورٹ سمیت متعدد اسٹالز لگائے جائیں گے ۔ اس پروگرام میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے ۔ پروگرام کا زرِ تعاون 300روپے رکھا گیا ہے جس میں 100روپے کے فوڈ کورٹ کے کوپن بھی دیئے جائیں گے ۔ جمعیت کے تحت خصوصی اسٹال لگایا جائے گا ۔ تاریخ ِجمعیت اور شہداء جمعیت کے حوالے سے نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔یہ پروگرام راہ ٹی وی کے ذریعے براہِ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔پروگرام میں امریکہ ،کینیڈا ،آسٹریلیا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اندرونِ ملک سے احباب ِ جمعیت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔