اتحاد ایئر ویز نے ابو ظہبی تا ریاض کیلئے یومیہ تیسری پرواز شروع کرنے کا اعلان کردیا

اضافی پرواز سے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے دار الخلافہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزیدسہولت میسر ہوگی

بدھ 18 جنوری 2017 20:02

اتحاد ایئر ویز نے ابو ظہبی تا ریاض کیلئے یومیہ تیسری پرواز شروع کرنے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز نے یکم فروری2017سے ابو ظہبی تا ریاض کیلئے یومیہ تیسری پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ابوظہبی تا ریاض کیلئے اتحاد ایئر ویز کی اس اضافی پرواز سے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے دار الخلافہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزیدسہولت میسر ہوگی۔

یہ نئی پرواز ابوظہبی اور ریاض سے رات کو تاخیر سے روانہ ہوگی جس کے باعث اس پرواز سے سفر کرنے والے مسافر دونوں شہروں میں اپنا دن با آسانی گذار کراپنے امور نمٹا سکیں گے،ریاض سے ابوظہبی آنے والے مسافر یہاں سے صبح سویرے یورپ،شمالی امریکااور انڈین سب کانٹیننٹ کیلئے کنیکٹنگ پروازیں حاصل کرسکیں گے جس میں لندن،پیرس،فرینکفرٹ،نیویارک ،دہلی اور ممبئی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اتحاد ایئر ویز اس وقت ابوظہبی تا ریاض روٹ پر بوئنگ777اور بوئنگ 787استعمال کررہی ہے ،نئی پرواز کے اضافے سے اس روٹ پر سفر کرنے والوں کو 10600نشستیں دستیاب ہونگی جبکہ اتحاد ایئر کی کوڈ شیئر پارٹنر فضائی کمپنی فلائی ناس پہلے ہی اس روٹ پر یومیہ ایک پرواز چلا رہی ہے ۔اتحاد ایوی ایشن گروپ کے چیف اسٹریٹجی اینڈ پلاننگ افسر Kevin Knight, کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابو ظہبی تا ریاض کیلئے یومیہ تیسری پرواز کے آغاز کا مقصد اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مزید آپشنز فراہم کرنا ہے ،اس روٹ پرمسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہمیںیہاں تیسری پرواز کے آغاز کا جواز فراہم کرتی ہے ۔

اتحاد ایئر ویز نے سعودی عرب کیلئے پر وازوںکا آغازسال2004میں ریاض سے کیا تھا اور رفتہ رفتہ ریاض کیلئے پروازوں کی تعداد یومیہ دو فلائٹس تک بڑھائی گئیں اور اب یکم فروری سے ریاض کیلئے یومیہ تیسری پرواز کا آغاز کردیا جائیگا،اس کے ساتھ ہی اتحاد ایئر ویز کی سعودی عرب کے مختلف شہروں کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد70تک پہنچ جائیگی ،صرف ریاض کے روٹ پر اتحاد ایئر سے سال2004سے 25لاکھ سے زائد مسافر سفر کرچکے ہیں ۔ #