سندھ اسمبلی ، وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر منظور وسان کی بات پر مسلم لیگ (ف ) کے ارکان کا زبردست احتجاج ، ایوان میں شور شرابہ

بدھ 18 جنوری 2017 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی میں محکمہ اینٹی کرپشن سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر منظور وسان کی بات پر مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان نے زبردست احتجاج کیا اور ایوان میں شور شرابہ ہوا ۔ یہ شور شرابہ اس وقت ہوا ، جب صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا کہ مسلم لیگ (فنکشنل) والوں نے خیرپور میں 36 ہزار ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرائی ۔

جب میں اینٹی کرپشن کا وزیر تھا تو اس غیر قانونی کام کی نشاندہی کی تھی ۔ اس پر مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان نے ایوان میں زبردست شور شرابہ کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے منظور وسان کو بولنے کی اجازت دی ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کا سوال طویل ہو گیا تو شہلا رضا نے کہاکہ سوال کریں ، تقریر نہ کریں ۔

(جاری ہے)

نصرت سحر عباسی نے کہا کہ لوگ صحیح کہتے ہیں کہ یہ محکمہ اینٹی کرپشن نہیں ’’ آنٹی کرپشن ‘‘ ہے ۔

شہلا رضا نے نصرت سحر عباسی کو خاموش کرا دیا اور کہا کہ اتنے دن بعد آئی ہیں پھر بھی آرام نہیں آیا ۔ شہلا رضا نے نصرت سحر عباسی سے کہا کہ دوا کھایا کریں ، دوا ہلا کر کھایا کریں ۔ اس پر ایوان میں دوبارہ شور شرابا شروع ہو گیا ۔ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے ڈپٹی اسپیکر سے کہا کہ معزز رکن کو خاموش کرائیں ۔ شہلا رضا نے نصرت سحر عباسی سے کہا کہ آپ کی باتیں ٹی وی پر اچھی نشر ہوں گی مگر تقریر نہ کریں ۔

نصرت سحر عباسی نے کہا کہ نثار کھوڑو مجھے براہ راست مخاطب نہ کریں ۔ نثار کھوڑو اور نصرت سحر عباسی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ میں وزیر صاحب کے جوابات سے مطمئن نہیں ہوں ۔ میں حکومت کی کرپشن بے نقاب کر رہی ہوں ۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن سورٹھ تھیبو کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق میرپور خاص اور بے نظیر آباد میں کرپشن کا ایک بھی کیس نہیں ہے ۔

کیا وہاں ملائکہ رہتے ہیں ۔ سنا ہے وہاں تو کرپشن کے بادشاہ رہتے ہیں ۔ متعدد ارکان کے تحریری سوالات کے جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ 2009 سے 30 نومبر 2013 محکمہ اینٹی کرپشن نے 776 مقدمات درج کیے ۔ 227 افراد کو گرفتار کیا اور 836630 روپے کی رقم برآمد کی ۔ #