چوہدری نثار نے وزیر اعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے مجھ سے رابطہ کیا تھا،شیخ رشید کا دعویٰ

سعد رفیق کا خاندان چوہدری شجاعت کے والد چوہدری ظہور الہیٰ سے زکوٰة لیتا رہا‘ خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق بڑے باپوں کے چھوٹے قد بیٹے ہیں، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 18 جنوری 2017 23:10

چوہدری نثار نے وزیر اعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے مجھ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیاہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے ان سے رابطہ قائم کیا تھا۔ انہوں نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کا خاندان چوہدری شجاعت حسین کے والد چوہدری ظہور الہیٰ سے زکوة لیتا رہا‘ خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق بڑے باپوں کے چھوٹے قد بیٹے ہیں۔

بدھ کو ایک نجی ٹی وی دئیے گئے اپنے انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ خواجہ سعد رفیق ایک بڑے باپ کے چھوٹے بیٹے ہیں اور میں چوہدری ظہور الہیٰ کے ساتھ ہوتا تھا اور ان کا پرس میرے پاس ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

چوہدری ظہور الہٰی کی زکوةٰ کے پیسے سعد رفیق کے گھر جاتے تھے اور اس کا سارا ریکارڈ میرے پاس موجود ہوتا تھا جبکہ خواجہ آصف بھی بڑے باپ کے چھوٹے بیٹے ہیں۔

انہوں نے دولت بنائی ہے عزت نہیں بنائی۔ ایک سوال پر شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ 2013ء کے انتخابات سے قبل وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعظم کی ہدایت پر ان سے رابطہ کر کے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دی تھی تو میں نے ان سے کہا تھا کہ میں عمران خان کو زبان دے چکا ہوں اس لئے میں انہیں انکار کر دیا تھا۔