امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کے اعزاز میں پاک- امریکہ بزنس ایسوسی ایشن کی تقریب،امریکی سینیٹرز،ارکان کانگریس اور اعلیٰ حکام کی شرکت،پاکستان علاقائی اور عالمی چیلینجز سے نمٹنے کے لئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے،سفیر جلیل عباس جیلانی کا تقریب سے خطاب

بدھ 18 جنوری 2017 23:23

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی چیلینجز سے نمٹنے کے لئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے،پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑی ہے جس کے نتیجے میں گذشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں پاک۔

امریکہ بزنس ایسو سی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کی بطور سفیر مدت ملازمت ختم ہو رہی ہے اس سلسلے میں پاک- امریکہ بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے سفیر جلیل عباس جیلانی کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں امریکی سینیٹرز، کانگریس ارکان اور اعلیٰ حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریب میں پاکستان - امریکہ بزنس ایسوسی ایشن کے صدر صدیق شیخ نے سفیر جلیل عباس جیلانی کو ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ میں جلیل عباس جیلانی کا کردار قابل ستائش ہے، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ مشترکہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑی ہے جس کے نتیجے میں گذشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کے اقتصادی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔امریکہ اور پاکستان کو ملکر دہشتگردی کے چیلینجز سے نمٹنا چاہئے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔