آئی سی سی کی لیگ سپنر عمران طاہر کو جنید جمشید کی تصویر دکھانے پر تنبیہ

عمران طاہر نے اپنی ٹیم اور ہماری اجازت کے بغیرسری لنکا کے خلاف میچ میں تصویر دکھا کر کونسل کے قوانین برائے لباس کی خلاف ورزی کی، آئی سی سی لیگ اسپنر نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے اس لئے مزید کارروائی نہیں کی جائے گی ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل

جمعرات 26 جنوری 2017 16:51

دبئی، جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی مذہبی اسکالر مرحوم جنید جمشید کی تصویر دکھانے پر باقاعدہ تنبیہ کی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران طاہر نے اپنی ٹیم اور آئی سی سی کی اجازت کے بغیرسری لنکا کے خلاف میچ میں تصویر دکھا کرآئی سی سی کے قوانین برائے لباس کی خلاف ورزی کی ہے۔

آئی سی سی کے قواعد کے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو ایسا لباس پہننے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بازوں پر ایسا کوئی کپڑا باندھنے کی اجازت نہیں ہے جس سے کوئی ذاتی پیغام دیا جارہا ہو تاہم اپنی ٹیم اور آئی سی سی کی باقاعدہ اجازت کے بعد ایسا کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران طاہر نے جوہانسبرگ میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان بلے باز گنارتنے کو آؤٹ کرنے کے بعد روایتی انداز میں جشن مناتیہوئے اپنی شرٹ دکھائی تھی جس میں مرحوم جنید جمشید کی تصویر بنی ہوئی تھی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ایسی کسی درخواست کی منظوری نہیں دی جاتی جس میں سیاسی، مذہبی یا نسل پرستی سے متعلق سرگرمی کے لیے اجازت طلب کی گئی ہو۔عمران طاہر نے اپنی غلطی کااعتراف کیا ہے جس کے بعد مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔۔