پاکستانی معیشت میں گذشتہ تین سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے، معیشت کی بحالی اور بجلی کی قلت پر قابو پانا حکومت کی نمایاں کامیابیاں ہیں

امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کا کتاب کی تقریب رونمائی اور سیمینار سے خطاب

جمعہ 27 جنوری 2017 13:27

پاکستانی معیشت میں گذشتہ تین سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے، معیشت ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) پاکستان کی معیشت میں گذشتہ تین سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے۔ معیشت کی بحالی اور بجلی کی قلت پر قابو پانا وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے ’’پاکستان میں زراعت اور دیہی ترقی‘‘ نامی کتاب کی تقریب رونمائی اور سیمینار سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کتاب کے مصنفین ڈاکٹر سہیل جے ملک، ڈاکٹر ڈیوڈ سپیل مین، ڈاکٹر پال دوروش اور ڈاکٹر نزہت احمد ہیں۔ سفیر جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں پاکستان میں زرعی شعبہ کی کارکردگی صلاحیت سے کم رہی ہے۔ موجودہ حکومت اس بات سے آگاہ تھی کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت کا کردار بے حد اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

یہ شعبہ 42.3 فیصد محنت کشوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ غربت کے خاتمے اور صنعتوں کو خام مال کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

زراعت خصوصاً دیہی معیشت میں بامعنی تبدیلی لا کر ہم پاکستانی معیشت کی تقدیر ٹھوس بنیادوں پر بدلنے کے خواب کو حقیقت بنا سکتے ہیں۔ کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنفین نے اس کتاب میں پاکستان میں زراعت کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا ہے اور دریائے سندھ کے آس پاس کے علاقوں میں آبپاشی اور پانی کے انتظام کو زیربحث لایا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنی سفارشات میں بجا طور پر یہ کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی کو ذخیرہ کرنے پر سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ جب تک پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ نہیں ہوگا، پاکستان آبی جارحیت کے خطرات سے دوچار رہے گا۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی موجودہ حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔ تکمیل کے بعد یہ 7.4 ملین ایکڑ فٹ صلاحیت کے ساتھ ملک میں سب سے بڑا آبی ذخیرہ ہوگا جس سے 4500 میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبے کے تحت سورج اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے میں بھی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ کتاب کے مصنفین نے بجا طور پر اس بات کا بھی اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں دیہی معیشت کو خصوصی طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت کے وژن 2015ء کے ذریعے نئی ایگریکلچرائزڈ فوڈ سیکورٹی کو نیشنل پالیسی ڈائیلاگ میں شامل کیا جائے گا جس سے دیہی علاقوں میں غربت میں کمی اور خوشحالی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔